سرینگر(نیوزایجنسیاں ) مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں کشمیری نوجوان کرفیوتوڑتے ہوئے سڑکوں پرنکلے اور بدھ کو شہید ہونے والے مزاحمتی لیڈرناصر چادرو سمیت تین نوجوانوں کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ قابض فورسز نے گزشتہ روزضلع اسلام آباد کے علاقے پزل پورہ میں جعلی مقابلے میں ناصر چادرو، عاقب شیخ اورزاہد احمد کو شہید کردیا تھا۔ تینوں نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں شہدا کے جسد خاکی جلوسوں کی صورت میں تدفین کیلئے مقامی قبرستانوں میں پہنچائے گئے ۔لوگوں نے اس موقع پر آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور پاکستانی پرچم لہرائے ۔ دریں اثنا مقبوضہ وادی میں 74ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ اور مواصلات کی معطلی برقرار ہے ۔ کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہیں جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ معطل ہے ۔ دفاتر میں حاضری کم ہے جبکہ تعلیمی ادارے طلبہ سے خالی ہیں۔ مزاحمتی یوتھ لیگ نے آئندہ ہفتے کیلئے احتجاجی کیلنڈر جاری کردیا۔ کشمیری عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آج اقوام متحدہ کے دفتر، کل جامع مسجد ، اتوار کو لال چوک ، پیر کو عیدگاہ اور جمعرات کو مخدوم صاحب کی طرف مارچ کریں۔کیلنڈر میں لوگوں سے منگل اور بدھ کواپنے متعلقہ علاقوں میں سول کرفیو کی بھی اپیل کی گئی ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست کے مذموم بھارتی اقدام کے بعد سے نظام زندگی تاحال ٹھپ ہے اور نامساعد حالات اور غیر یقینی صورتحا ل کے باعث سینکڑوں نوجوان بے روزگار ہو چکے ہیں ۔ادھر مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز کونسل کو باضابطہ ختم کردیا گیا۔مقبوضہ کشمیر انتظامیہ نے 31 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے یونین ٹیریٹری بننے سے قبل جمعرات کو 36 رکنی قانون ساز کونسل کے ایوان بالاکو ختم کردیا۔ ایوان بالا کو تحلیل کرنے کا باضابطہ حکم جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے جاری کیا ۔