نیو یارک( نیٹ نیوز) معروف امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا اپنے انوکھے انداز کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں ، اب کرونا پر ان کی ایک متنازع ویڈیو سامنے آگئی ہے جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، 23 مارچ کو انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر عالمی وبا سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی ، مختصر ویڈیو میں وہ ویڈیو میں باتھ ٹب میں نہاتی دکھائی دے رہی ہیں، باتھ ٹب میں گلاب کے پتیاں بھی موجود ہیں اور وہ انتہائی سنجیدگی میں لوگوں کو کہتی ہیں کورونا کو اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ آپ کتنے امیر ہیں، کتنے مشہور ہیں، کتنے غریب ہیں، آپ کی قومیت، رنگ، عمر اور جنس کیا ہے ، اداکارہ کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کرونا وائرس کتنا زبردست ہے کہ اس نے سب کو ایک جیسا ہی کردیا، انہوں نے وائرس جیسی وبا کو زبردست مساوات کا ذریعہ قرار دیا اور کہا اس وبا نے سب کو ایک ہی کشتی کا سوار بنادیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تو پہلے سے ہی کہتی آ رہی ہیں کہ ہم سب ایک ہی کشتی کے سوار ہیں اور اگر ہم کسی جہاز میں سفر کریں گے اور وہ جہاز نیچے آئے گا تو ہم سب ایک ساتھ ہی نیچے آئیں گے ۔شدید تنقید کے بعد اگرچہ میڈونا نے انسٹاگرام سے ویڈیو ڈیلیٹ کردی تاہم اب بھی ان کی ویڈیوز متعدد نیوز ویب سائٹس پر موجود ہے ۔