نیویارک (ندیم منظور سہلری )اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بعض عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنا ان کی خارجی و داخلی مجبوریوں کے سبب ہے ، تاہم پاکستان فلسطین کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کے اصولی موقف سے انحراف نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا اسرائیل کو تسلیم کرنا بنیادی اصول کے خلاف ہو گا اور پاکستان اس قدر کمزور ریاست نہیں ہے کہ اسے بنیادی اصول سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جا سکے ۔ امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ سے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا قیامِ پاکستان کے بعد سے دنیا بھر کی خود ارادیت کی عوامی تحریکوں کی حمایت پاکستان کا بنیادی اصول رہا ہے ۔انہوں نے کہا اس بنیادی اصول کے تحت ہی پاکستان کا کشمیر پر موقف ہے اور فلسطین پر اسلام آباد کا موقف بھی اسی اصول کی بنیاد پر ہے ۔