برلن (این این آئی)جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی مشاورتی کونسل کے صدر ایمن ایمن مازیئک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ اب بھی تیزرفتار ہے اور ایسے میں فی الحال باجماعت نماز سے گریز کیا جائے اور احتیاط برتی جائے ۔سیاست اور ثقافت نامی جرمن جریدے میں بطور مہمان لکھاری اپنے مضمون میں انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہر طرح کے دعائیہ اجتماع کو معطل رہنا چاہئے ، تاہم بالخصوص جمعہ اور عید کی نمازوں کے اجتماع سے پرہیز کیا جانا چاہئے ۔ مذاہب صلہ رحمی، دوسرے انسانوں کی سلامتی اور انکی بقا کا سبق دیتے ہیں۔ کورونا کے ضمن میں لگائی گئی پابندیاں سراسر سماجی بنیادوں پر ہیں اور انکا مقصد انسانیت سے پیار اور زندگی کا تحفظ ہے ، ان پابندیوں پر مسلسل نگاہ رکھنا چاہئے ۔ان ہدایات کو بنیادی مذہبی ہدایات اور وبا کے پھیلاؤ کی صورتحال کے تناظر میں دیکھا جانا چاہئے ۔