دو مرتبہ پاکستان کی وزیراعظم رہنے والی واحد خاتون اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سربراہ بینظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں قتل کردیا گیا۔کل اُن کی 16 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ بے نظیر بھٹو کے چاہنے والے اور معتمدین آج بھی ان کے ساتھ گزرے ہوئے ایام کو یاد کرتے ہیں ، کیوں کہ بے نظیر بھٹو شہید پاکستان کا روشن چہرہ اور روشن مستقبل تھیں،انہیں عالمی سطح پر آئرن لیڈی، مشرق کی شہزادی، دخترِ اسلام اور مشرق کی بیٹی کے نام سے یاد کیا جاتا تھا۔محترمہ بینظیر بھٹو شہید وفاقِ پاکستان کی علامت اور عوام کی امنگوں کا مظہر بھی تھیں۔انہوں نے پاکستان کے طول وعرض میں سیاسی فراست، ذہانت اور سوجھ بوجھ کے انمٹ نقوش ثبت کیے اور وقت کے ساتھ ان کی عزت و تکریم میں بیش بہا اضافہ ہوتا چلا گیا۔وہ ایک ایسی قومی راہنما تھیں جو پاکستان کا ایجنڈا لے کر آگے چل سکتی تھیں۔ بی بی شہید عالمی سطح کی شخصیت تھیں اور پاکستان کی نمایاں آواز تھیں۔وہ مفاہمت پر یقین رکھتی تھیں (دوران مفاہمت اُن سے کئی غلطیاں بھی ہوئیں، جن کا بعد میں ذکر کیا جائے گا)وہ لوگوں میں فاصلے کم کرنا اور انہیں قریب لانا جانتی تھیں۔ان کی تحریریں ان کی شخصیت کے اس پہلو کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں۔ وہ اکثر کہا کرتی تھیں کہ ہر معاملے میں فاصلوں کو کم کرنا اور مثبت اندازِ فکر کو اپنانا ہی ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔ ان کی مثبت سوچ کا ایک پہلو یہ بھی تھا کہ وہ غربت و افلاس کا خاتمہ کرکے عالمِ اسلام کو امن اور ترقی کا گہوارہ بنانا چاہتی تھیں۔ ہاں یہ الگ بات ہے کہ ہم نے اُنہیں اُس وقت کھو دیا جب وہ بہتری کی جانب گامزن تھیں، وہ اچھے برے حالات، اور اچھے برے لوگوں میں تمیز کرنے کے حوالے سے خاصی میچور ہو چکی تھیں۔ لیکن آج نا تو ہمیں اُن کے کھونے کا کوئی افسوس ہے اور نہ اُن کے قاتلوں کو ڈھونڈنے میں کوئی دلچسپی ہے۔ خیر یہ الگ بحث ہے مگر یہاںمیں اُن احوال کا ذکر کروں گا کہ پاکستان کی مقبول ترین جماعت پیپلزپارٹی بے نظیر کی شہادت سے پہلے اور بعد میں بھی اتنا زیادہ عروج کیوں نہ پکڑ سکی۔ جو عروج اُنہیں بھٹو کے دور میں ملا تھا۔ اس کی کئی ایک وجوہات ہو سکتی ہیں مگر میں یہاں یہ بتاتا چلوں کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنا ظلم کسی نے نہیں سہا جتنا ضیاء الحق کے دور میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے سہا ہے، بلکہ میں تو یہاں تک کہوں گا کہ جتنا ظلم اس وقت تحریک انصاف کے کارکنوں کے ساتھ آج ہو رہا ہے، یہ بھی کم ہے۔ پھر چونکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کی شہادت کے بعد نئی نئی پارٹی قیادت کو سنبھالا تھا اس لیے اُن سے بھی کئی غلطیاں سرزد ہوئیں، جیسے انہوں نے سب سے پہلے 1979اور 1983ء کے غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ کیا اور پھر 1985ء کے غیر جماعتی عام انتخابات کا بائیکاٹ کرکے سب سے بڑی سیاسی غلطی کی۔ حالانکہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی نے لاہور میں کلین سویپ کیا تھا، لیکن جماعت کی سرپرستی نہ ہونے کے سبب تمام اُمیدوار تتر بتر ہو کر یا فروخت ہو کر حکومت کے ساتھ شامل ہوگئے۔ پھر 1983ء کے بلدیاتی الیکشن میں بے نظیر نے اعلان کیا کہ جو اُمیدوار الیکشن میں حصہ لے گا ہم اُسے پارٹی میں نہیں رہنے دیں گے،اس کے بعد پھر1985ء کے غیر جماعتی الیکشن میں بھی فیصلہ کیا گیا کہ جو اُمیدوار ان الیکشن میں حصہ لے گا پیپلزپارٹی کبھی اُسے اپنی جماعت میں نہیں رہنے دے گی اور کبھی اُسے واپس بھی نہیں لے گی۔ پھر 1986ء میں محترمہ پاکستان آئی اور لاہور میں ایسا فقید المثال استقبال ہوا کہ دنیا دیکھتی رہ گئی، یہ استقبال اسی لیے تھا کہ محترمہ یعنی پیپلزپارٹی عوام کی اُمید تھی، لیکن 1988ء کا الیکشن جیسے ہی آیا محترمہ اپنے تمام تروعدے بھول گئیں، اور فاروق لغاری اور اسٹیبلشمنٹ کی چالوں میں آگئیں، اُنہوں نے امیر، برادری والے اور مضبوط اُمیدوار تلاش کیے ،محترمہ نے اس دوران کسی کی پرواہ نہیں کہ کس کس نے پارٹی کے لیے قربانیاں دیں، کس کس نے کوڑے کھائے اور کون کون جیلیں کاٹتا رہا، اگر یہاں یہ کہا جائے کہ 1988ء میں پیپلزپارٹی کا ورکر پہلی مرتبہ Damage ہوا، تو اس میں کوئی دو آراء نہیںہیں۔پھر 90کی دہائی میں نواز شریف کی حکومت کے دوران اُن پر مقدمات بھی بنے لیکن وہ ثابت قدم رہیں۔ پھر مشرف حکومت کے دوران انہوں نے ڈکٹیٹر شپ کے خلاف جس جرأت مندی کا مظاہرہ کیا وہ بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ لیکن اُن سے یہاں ایک غلطی ضرور ہوئی کہ انہوں نے مشرف کو فورس کیا، عالمی طاقتوں کا ساتھ ملایا اور نواز شریف کو بھی ملک میں بلا لیا جو جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے۔ پھر محترمہ کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی کو ہمدردی کا ووٹ ملا اور 2008ء میں پیپلزپارٹی کو حکومت مل گئی۔ جس کے بعد بظاہر تو یہی لگا کہ یہ وہ پیپلزپارٹی نہیں ہے جو محترم ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی تھی۔ خیر زرداری صاحب نے محترمہ کی شہادت کو کیش کروا کر حکومت تو لے لی مگر اُنہیں عوام کی اُمنگوں کے مطابق چلانا نہیں آیا۔ بلکہ انہوں نے حکومت کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا۔ میں تو یہ کہوں گا کہ بی بی کے بعد پیپلزپارٹی کو جب جب عوام میں آنے کا موقع ملا، اُس نے اختیارات کے غلط استعمال کی دھجیاں اُڑائیں۔نہیں یقین تو حالیہ پی ڈی ایم کی 16ماہ کی حکومت کو دیکھ لیں۔ اپنے کیسز ختم کروانے کے لیے تمام اختیارات ن لیگ کے حوالے کر دیے۔ پھر یہی نہیں بلکہ جب 2008ء میں زرداری صاحب کو حکومت ملی تو انہوں نے خود پنجاب کو ن لیگ کے حوالے کر دیا۔ حالانکہ یہ ق لیگ اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنا سکتے تھے۔ لیکن یہ لوگ مل جل کر کھانے کے عادی ہوگئے۔ جس کا فائدہ تحریک انصاف نے اُٹھایا اور دونوں پارٹیوں کا چاروں صوبوں میں صفایا کر دیا۔ خیر پیپلزپارٹی کی اب پوزیشن یہ ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت کا حصہ بننے اور منتخب حکومت کو گھر بھیج کر اپنی پوزیشن کو پی پی نے خود ہی خراب کر لیا ہوا ہے۔ آج بلاول ہر جلسے میں ن لیگ کے خلاف چیخ چیخ کر حقائق بیان کرتا ہے مگر مجال ہے کہ اُن کے والد زرداری صاحب اس حوالے سے کوئی بات کر لیں،،، بلکہ وہ اُلٹا بلاول کے حوالے سے بیان دیتے نظر آتے ہیں کہ وہ ابھی سیاسی سمجھ بوجھ نہیں رکھتا۔ اس پر یقینا بے نظیر شہید سوچتی ہوں گی کہ وہ اقتدار کن لوگوں کے ہاتھ میں دے آئی ہیں۔ خیر قصہ مختصر کہ کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ ہی دو طرح کی رہی ہے، جب پیپلزپارٹی اقتدار سے باہر ہوتی ہے تو اور قسم کے لوگ ہوتے ہیں، جب یہ پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو مفاد پرست آجاتے ہیں، تبھی یہ پارٹی آج ایک صوبے کی جماعت بن کر رہ گئی ہے، لہٰذااگر محترمہ آج زندہ ہوتیں تو یقینا وہ مزید پالش ہو چکی ہوتیں، اُن میں نکھار آچکا ہوتا، لیکن اب محترمہ نہیں ہیں تو پیپلزپارٹی کو خود احتسابی کے عمل سے گزرنا چاہیے اور عوام کی اُمنگوں کے مطابق کام کرنا چاہیے۔ ورنہ صوبہ سندھ بھی اُن کے ہاتھ سے جانے میں دیر نہیں لگے گی!