نیویارک،راولپنڈی (این این آئی،92نیوز رپورٹ)اقوام متحدہ کا کانگومیں شہید پاکستانی نائیک نعیم رضاکے لئے ایوارڈملیحہ لودھی نے وصول کرلیا ۔یواین سیکرٹری جنرل نے پیس کیپرز کے عالمی دن پرتقریب میں ایوارڈ دیا، ایوارڈ ہرسال امن مشنز میں شہید فوجی، پولیس، سویلین پیس کیپرزکو دیا جاتا ہے ۔اس موقع پر پاکستانی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ ایوارڈعالمی امن کے لئے پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا اعتراف ہے ، امن مشنزمیں تعینات پاکستانی دستوں نے دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان 6 دہائیوں سے یواین مشن میں فوجی دستے بھیجنے والے ممالک میں سرفہرست رہا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق نعیم رضاشہیدنے کانگومیں قیام امن کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا،نعیم رضا جنوری 2018میں اقوام متحدہ قافلے پر حملے میں شہیدہوئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک 156 پاکستانی فوجی بین الاقوامی امن واستحکام کیلئے جانیں قربان کرچکے ہیں ۔