کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی تیزی کا رجحان غالب رہا جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 102.67پوائنٹس کے اضافے سے 43167.76پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ 50.14فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 21ارب1کروڑ58لاکھ روپے بڑھ گئے البتہ کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت8.02فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا جس کے باعث ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں کے ایس ای100 انڈیکس 43016کی نچلی سطح پر آ گیا تاہم بعد ازاں زرمبادلہ اور بیرونی سرمایہ کاری کے حوصلہ افزا اعداد وشمار سامنے آنے پر سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے لگی جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور تیزی کا رجحان بڑھ گیا جس کے باعث دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر انڈیکس43246پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیابعد ازاں 43200 حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیز ی کا رجحان غالب رہااورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 102.67پوائنٹس کے اضافے سے 43167.76 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 31.97پوائنٹس کے اضافے سے 19997.27 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 83.98پوائنٹس کے اضافے سے 83.98پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر357کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 179کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ153میں کمی اور25میں استحکام رہا ۔