اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ شوٹنگ میں مہارت حاصل کرنا فوجی تربیت کے بنیادی مقاصد میں ہونا ناگزیر ہے ، انہوں نے شوٹنگ کی مہارت کو پیشہ ور سپاہی کی پہچان قرار دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم گیریژن کا دورہ کیا اور اکتالیسیویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے مرکزی مقابلوں کے اختتامی تقریب میں شرکت کی ، میگا شوٹنگ ایونٹ آرمی مارکس مین شپ یونٹ میں 26 اکتوبر سے یکم دسمبر تک ہوا،مقابلوں میں آرمی، نیوی، ایئر فورس، سول آرمڈ فورسز، شہریوں سمیت 2500 سے زائد فائررز نے شرکت کی۔ مقابلہ میں مختلف رینجز اور ہتھیاروں کی اقسام شامل تھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شوٹنگ مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کے حامل فائررز میں ٹرافیاں،تمغے تقسیم کیے ۔ انٹر فارمیشن مقابلے میں ملتان کور پہلے ، منگلا کور دوسرے نمبر پر رہی، چیف آف ایئر سٹاف کیٹگری میں ٹرافی پنجاب رینجرز نے حاصل کی۔ گلگت بلتستان سکاؤٹس رنر اپ رہے ۔ انٹر سروسز میچز میں پاکستان آرمی نے چاروں مقابلے جیت لیے ۔ پاکستان آرمی نے اوپن نیشنل میچز میں شاٹ گن، لانگ رینج اور سمال بور ٹرافی جیتی، پاک فوج نے وزیراعظم "سکلز ایٹ آرمز" بگ بور نیشنل چیلنج بھی جیت لیا۔ پاک بحریہ نے وزیراعظم "سکلز ایٹ آرمز" بگ بور نیشنل چیلنج میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔شوٹنگ کا بڑا اعزاز دی ماسٹر ایٹ آرمز ٹرافی 12 پنجاب رجمنٹ کے لانس حوالدار ارشد صدیق کو دی گئی۔ پریذیڈنٹ کپ نیشنل چیلنج میچ ٹرافی آرمی مارکس مین شپ یونٹ کے حوالدار جعفر حسین کو دی گئی۔ پاک فوج نے وزیراعظم کا سکلز ایٹ آرمز بڑا قومی چیلنج میچ جیت لیا۔ بہترین شاٹ میچ ٹرافی لانس دفادار ذوالفقار خان کو دی گئی۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے نشانہ بازی کے بہترین معیار پر فائررز کی تعریف کی۔