اسلام آباد ( سید نوید جمال؍ سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے حکومت کو درپیش مختلف چیلنجزکے پیش نظر وفاقی وزرا کو بیرون ملک دوروں سے روک دیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حکم دیا کہ آئندہ 3 ماہ بہت اہم ہیں، کوئی وزیر اجازت لئے بغیر بیرون ملک دورہ نہیں کرے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپنی حکومت کے وزراء کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ملک کو بحرانوں کا سامنا ، 3 ماہ میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا ہدف ہے ، ایسی صورتحال میں وزراغیرضروری بیرونی دورے نہ کریں، اپنی اپنی وزارتوں میں رہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے گلاسگو کانفرنس سے متعلق رہنمائوں کے بیانات کا سخت نوٹس لیا۔کچھ پارٹی رہنما بغیر بتائے کانفرنس میں شرکت کے لئے پہنچ گئے تھے ۔ وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ گلاسگو کانفرنس میں وزرا سے متعلق جو بیانات دئیے گئے وہ انتہائی افسوس ناک ہیں۔وزیر اعظم نے کانفرنس سے متعلق متنازعہ بیانات دینے والے پارٹی ارکان کو شٹ اپ کال دے دی۔اجلاس میں وزیر اعظم نے ملک میں گیس کی قلت کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا ملک میں گیس کی قلت ہے ، پاکستان میں گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں، لیکن صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی ویڈیو لیک ہونے پروزیر اعظم نے ن لیگ پر کڑئی تنقید کرتے ہوئے اسے عوام میں بے نقاب کرنے پر زور دیا اور کہا کہ عوام کو ن لیگ کے اس کردار سے آگاہ کیا جائے ۔ اجلاس میں کورونا فنڈ سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا بھی خوب تذکرہ رہا اور اس کو حکومت کے لئے ناموافق قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ اس کے ذریعے عوام میں بہت سی غلط فہمیاں پیدا ہوں گی۔ اجلاس میں اس معاملے کی وضاحت کو ضروری قرار دیا گیا۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وفاقی کابینہ نے قومی اسمبلی کے حلقہ 133 میں ضمنی انتخاب کے دوران ووٹوں کو پیسوں سے خریدنے کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ،شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کابینہ نے کورونا وبا کے لئے پیکیج پر آڈٹ رپورٹ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو وضاحت دینے کی ہدایت کی،کابینہ نے سندھ میں اشیاء ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا،وزارت داخلہ کی سفارش پر کابینہ نے بیرون ممالک سے تبلیغی جماعت کے پاکستان آنے والے افراد کیلئے ویزہ کی مدت 120دنوں سے بڑھا کر 150دن کرنے کی منظوری دی، افغانستان کی صورتحال پر او آئی سی ممالک کے وزراء خارجہ کا خصوصی اجلاس پاکستان میں منعقد کرنے کی منظوری دی گئی،اسی طرح کابینہ نے افغانستان کے لئے 50 ہزار ٹن گندم کی امداد کی منظوری دی ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں 16 نکات سے زائد ایجنڈا پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے کے حوالے سے وفاقی وزیر شبلی فرازنے بریفنگ دی۔وزارت ہوا بازی کی سفارش پر کابینہ نے ہوا بازی لائسنس کی تجدید کی منظوری دی۔کابینہ نے وزارت ہوا بازی کی سفارش پر سول ایوی ایشن اتھارٹی رولزکے تحت ہوائی اڈوں کے اطراف میں قائم بلند عمارتوں کی حد مقرر کرنے کی منظوری دی۔وزارت اطلاعات و نشریات کی سفارش پر کابینہ نے چیئر مین آئی ٹی این ای اور چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان کی تعیناتیوں کیلئے سلیکشن بورڈقائم کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے محمد سلیم کو چیئرمین نجکاری کمیشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد حسین چودھری نے میڈیا کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کو فنڈز تبھی ملیں گے ،قانون صرف ای وی ایم پر انتخابات کو تسلیم کرتا ہے ، وزیر قانون کا بھی خیال ہے کہ بادی النظر میں حکومت الیکشن کمیشن کو اسی صورت فنڈز دے سکے گی جب انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے ،ویڈیو والے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک منتقل ہونے کے لئے تمام ضوابط مکمل ہو گئے ہیں، 1.3 ارب ڈالر کے تیل کی فراہمی کے لئے بھی تمام ضروری کام مکمل ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا سندھ حکومت نے مہنگائی کی روک تھام کیلئے اقدامات نہیں کئے ۔ فواد چودھری نے ایک سوال کے جواب میں کہارانا شمیم بیان حلفی کا معاملہ ن لیگ کی ایک سازش ہے ،ن لیگ نے جس طریقے سے عدلیہ اور فوج کے خلاف مہم سپانسر کی، امید ہے عدالت اس کا بھرپور نوٹس لے گی۔