اسلام آباد (خبرنگار) آرمی چیف مدت ملازمت توسیع کیس میں سپریم کورٹ کی طرف سے مدعا علیہان کو قومی زبان میں نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ عدالت کی جانب سے جن فریقین کو نوٹس جاری کیے گئے ان میں صدر مملکت ، وزیراعظم ، اٹارنی جنرل ، وفاقی حکومت، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سیکرٹری دفاع شامل ہیں ۔سپریم کورٹ دفتر سے جاری نوٹسز میں آرمی چیف سمیت فریقین کو ہدایت دی گئی ہے وہ ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں جبکہ مقدمے کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ سماعت آج سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر ایک میں ہوگی ۔