اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ازبکستان کے صدرمرزایوف آج سے پاکستان کا دودورزہ سرکاری دورہ کریں گے ۔ ایک اعلی ٰسطحی وفد بھی صدر کے ہمراہ ہوگا ،وہ پاکستانی صدر ،وزیراعظم اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرینگے ،ازبکستان کے نائب وزیرِ اعظم عمر زاکوف نے کہا کہ گذشتہ سال پاکستان کے ساتھ تجارت 50 فیصد بڑھی ۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ازبک صدر کے دورہ کے دوران مفاہمت کی متعدد یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے ۔ وزیراعظم ازبکستان کے صدر کے ساتھ ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی ۔ ازبکستان کے نائب وزیرِ اعظم عمر زاکوف نے پاک ازبک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت بڑا موقع ہے کہ ہم اپنے اقتصادی تعلقات کو بڑھائیں ۔ فخر امام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی شعبے میں ازبکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے ۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان کے ازبکستان سے معاہدوں سے تجارتی سرگرمیوں کے آغاز میں مدد ملے گی ۔ ازبکستان کی سلامتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری بابر عثمانوف نے ڈاکٹر معید یوسف سے ملاقات کی جس میں افغانستان میں انسانی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔