لاہور(سپیشل رپورٹر)لاہور میں الیکشن قریب آتے ہی سیاسی پارٹیوں میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات بڑھنے لگے ۔تفصیلات کے مطابق گڑھی شاہو کے علاقہ میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں آمنا سامنا ہونے پر تلخ کلامی کے بعد مسلم لیگ کے کارکنوں کی طرف سے پی ٹی آئی کے انتخابی دفتر کے باہرہوائی فائرنگ کی گئی۔ گڑھی شاہو میں پی ٹی آئی کے مقامی عہدہ دار عامر کے مطابق گزشتہ دوپہر گڑھی شاہو بازار کے قریب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر بحث ہوئی تھی جس پر مسلم لیگ کے 7 افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی ۔ انتخابی دفتر میں بیٹھے پی ٹی آئی کارکنوں نے خالی پلاٹ میں چھپ کر اپنی جانیں بچائیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ۔ اسی طرح سبزہ زار میں دو گروپوں میں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا جس میں دو افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے ۔مقامی رہائشی افراد نے پولیس کو بتایا کہ دونوں گروپوں میں پرانی رنجش چلی آ رہی ہے ۔ انتخابات کے موقع پر دونوں گروپوں نے مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ رات دونوں گروپوں میں آمنا سامنا ہونے پر ایک گروپ نے مخالفین پر فائرنگ کردی،فائرنگ کی زد میں آکر دو نوجوان اسد اورطاہر زخمی ہوگئے جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔