اسلام آباد،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی،اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے دونوں اراکین کانگریس گریگوری ویلڈن میکس اور ایمرش بابولعل بیرا کا خیر مقدم کیااور کہا کہ امریکی کانگریس کے وفد کا دورہ پاک امریکا تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا باعث بنے گا۔دونوں ممالک میں انتظامیہ سمیت تمام سطح پر مزید اعلیٰ سطح تبادلے ہونگے ،یہ تبادلے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنائینگے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کو افغانستان میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے ، انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کی کوشش کے طور پر افغان عوام کی مالی مدد کرنے کی فوری ضرورت ہے ۔ملاقات میں اتفاق کیاگیا کہ پاکستان اور امریکا کو دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنا چاہئے ۔صحت ، سلامتی ، انسداد دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے تعاون کرنے پربھی اتفاق کیاگیا۔امریکی وفد نے وزیرخارجہ شاہ محمود،آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ اور سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر سے بھی ملاقاتیں کیں۔وزیر خارجہ نے کہاپاکستان امریکہ کیساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی، ترقی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے ۔ افغانستان میں تیزی سے ابھرتے انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مربوط کاوشیں بروئے کار لانیکی ضرورت ہے ۔امریکی وفد نے پاکستان امریکہ دو طرفہ تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانیکی ضرورت پر اتفاق کیا۔امریکی ارکان کانگریس کے وفد نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،افغانستان کی تازہ صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔آرمی چیف نے کہا پاکستان تمام علاقائی شراکتداروں کیساتھ دوطرفہ روابط کو برقرار رکھنے اور خطے میں دیرپا امن کا خواہشمند ہے ۔وفدسے گفتگومیں سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ عالمی برادری فوری طور پر آگے بڑھ کر افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو حل کرنے میں کردار ادا کرے ۔