اسلام آباد(خبر نگار)سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن میں خفیہ رائے دہی ختم کرانے کے لئے دائر صدارتی ریفرنس پر ابتدائی سماعت کے بعد اٹارنی جنرل سے تحریری معروضات طلب کرلیے ہیں۔ پانچ رکنی لارجر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے ایڈوکیٹ جنرل صاحبان کو نوٹسز جاری کرکے قرار دیا کہ جو جو سیاسی جماعتیں معاملے میں فریق بننا چاہتی ہیں وہ اپنا تحریری موقف عدالت میں جمع کرائے ۔عدالت نے اٹارنی جنرل کی استدعا پرچیئر مین سینٹ،الیکشن کمیشن اور سپیکر قومی اسمبلی کو بھی نوٹسز جاری کردیئے جبکہ دوران سماعت عدالت نے سوال اٹھایا کہ جب سیاسی جماعتیں سینٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت اور فلور کراسنگ روکنے کے لیے اوپن بیلٹ کرانے سے متفق ہیں تو پھر اس معاملے پر پارلیمنٹ میں سیاسی اتفاق رائے کیوں پیدا نہیں کیا جاتا؟۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریفرنس کے قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھایا اور ریما رکس دیئے کہ سینٹ الیکشن ایک سیاسی معاملہ ہے اور آئین نے واضح طور پرسیاسی معاملات عدالتوں میں لانے سے منع کیا۔چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو کہا کہ آ پ ہمیں بتائیں کہ آئین کا آرٹیکل 218کیا کہتا ہے ۔اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ دیا اور کہا ایکٹ میں ترمیم کرکے سینٹ الیکشن کا طریقہ کا ر تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔جسٹس اعجا زالاحسن نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی قانون آئین سے بالاتر ہو سکتا ہے ؟۔اٹارنی جنرل نے کہا عدالت کی رائے آنے کے بعد اسی کے تناظر میں قانون سازی پر غور ہوگا۔چیف جسٹس نے کہا تما م ایڈوکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کر رہے ہیں ان کے جواب کا جائزہ لیں گے ۔مزید سماعت 11 جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔عدالت عظمیٰ نے انسداد منشیات کے خیبر پختونخواہ حکومت کے قانون کے خلاف وفاقی حکومت اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر کے نوٹس جاری کردیا جبکہ صوبائی قانون معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی ۔سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی درخواست ضمانت پر سماعت وکیل امجد پرویز کی علالت کے باعث اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی ۔سپریم کورٹ نے اسلام آباد سے خواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق عدالتی فیصلے پر عدم عمل درآمد کے الزام میں آمنہ صدف کی توہین عدالت کی درخواست خارج کردی ۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے قرار دیا کہ قانون سازی کرنا مقننہ کا دائرہ اختیار ہے عدالت پارلیمنٹ کے کام میں مداخلت نہیں کرسکتی،۔سپریم کورٹ نے کراچی میں سماجی کارکن پروین رحمان کے قتل سے متعلق کیس نمٹاتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو جلد فیصلے کرنے اورجے آئی ٹی رپورٹس 2 ہفتوں میں ٹرائل کورٹ میں جمع کرانے اور استغاثہ کے گواہوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا ۔سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نامزد ملزم محمد عمیر کی ضمانت کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ۔ علاوہ ازیں کرک خیبر پختون خواہ میں مندر جلائے جانے کے واقعے کی انکوائری کے لیے قائم کمیشن نے معاملے کی جامع تحقیقات کرنے کی سفارش کی ہے ۔ شعیب سڈل کی سربراہی میں ایک رکنی کمیشن نے پیر کو سپریم کورٹ میں رپوٹ جمع کرادی، جس میں مولوی شریف کو تمام معاملے کا مرکزی کردار قرار دیا اور کہا مرکزی ملزم مولوی شریف نے عوام کو اشتعال دلایا،واقعہ میں ملوث ملزمان کو مثالی سزائیں دی جائیں۔چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ آج (منگل ) کومندر جلانے کے واقعہ کے از خود نوٹس کیس کی سماعت کریگا۔سپریم کورٹ نے ذہنی مر ض شیزو فرینیا کے ذہنی مر ض میں مبتلا مر یضوں کی سزائے موت کیخلاف دائر اپیلوں پر تمام صوبائی ایڈوکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کردی۔