اوکاڑہ ،ایمن آباد( ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار ) اوکاڑہ میں دریائے راوی میں ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی، اس پر سوار درجن بھر افراد پانی میں ڈوب گئے ، ایک 3 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، باقی افراد کو دریا کے کنارے کھڑے افراد نے جدوجہد کے بعد بچا لیا، سیلابی صورتحال کے باعث ٹریکٹر ٹرالی پر سوار مرد اور خواتین دریا عبور کر رہے تھے ، کسی پتھر سے ٹکرا کر ٹرالی الٹ گئی، بچے کی نعش ڈھونڈنے کا عمل شروع کردیا گیا۔ ایمن آباد میں محنت کش نوجوان نالہ ڈیک میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، واہنڈو کے نواحی گاؤں کوڑی کوٹ میں 22سالہ علی رضا حاجی محمد بھٹہ کے پاس بھینسوں کو چارہ ڈالنے کا کام کرتا تھا ، شام کے وقت مویشی نالہ ڈیک میں چلے گئے ، علی رضا ان کو نکالنے کے لئے نالہ ڈیک میں پیچھے گیا اور گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب کے جاں بحق ہوگیا ۔