جنیوا( ویب ڈیسک) سوئزر لینڈ کے سائنس دانوں نے روایتی کتھئی رنگ کی چاکلیٹ کو قوسِ قزح کا خوبصورت رنگ دیا ہے اور اس کے لیے انہوں نے باقاعدہ سائنس سے مدد لی ہے ۔ای ٹی ایچ زیورخ اور ایف ایچ این ڈبلیو یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسِس کے سائنس دانوں نے چائے کے وقفے پر سوچا کہ کافی کو دیگر رنگوں میں کیوں نہیں ڈھالا جاسکتا اور اس کے بعد انہوں نے ای ٹی ایچ یونیورسٹی کے باورچی خانے میں اپنے تجربات شروع کئے ۔پہلے مرحلے میں چاکلیٹ پر عین مٹھائی پر لگے چاندی کے ورق کی طرح کی کوٹنگ پر کام شروع کیا گیا۔ اس میں سونے اور ٹیٹنیئم آکسائیڈ کی باریک پرت لگا کر چاکلیٹ کو رنگ برنگی بنایا گیا لیکن جلد ہی یہ طریقہ تینوں ماہرین نے مسترد کردیا۔ بعد ازاں تینوں ماہرین نے سوچا کہ کیوں نہ چاکلیٹ پر کوٹنگ چڑھانے کی بجائے صرف اس کی سطح پر قوسِ قزح جیسی رنگت پیدا کرنے کی کوشش کی جائے ۔ اس کے لیے چاکلیٹ پر خاص رنگت والی چمک ڈالی گئی اور مختلف زاویوں سے وہ عین دھنک کے رنگ ظاہر کررہی تھی۔