اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ غیریقینی صورتحال کے باوجود ایشیا اور بحرالکاہل عالمی اقتصادی ترقی میں اہم کردار کے حامل ہیں۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق ایشیا کے ممالک نے معاشی بحالی میں نمایاں مدد دی ہے ۔رواں سال کے دوران ایشیا و بحرالکاہل کے ممالک میں معاشی ترقی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور رواں سال کے دوران ایشیا کی اقتصادی بڑھوتری کا تخمینہ 4.9 فیصد ہونے کا امکان ہے ۔آئی ایم ایف نے مزید کہا ہے کہ معاشی ترقی میں افراط زر کے خدشات بھی موجود ہیں تاہم دیگر ممالک کے مقابلہ میں ایشیائی ممالک میں اس کی شرح کم رہ سکتی ہے ۔ اسی طرح مداخل کی قیمتوں میں اضافہ اور رسد کے مسائل درآمدی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کا سبب بن سکتے ہیں۔آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ افراط زر پر قابو پاتے ہوئے ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک عالمی معاشی شرح نمو کی بڑھوتری میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔