نیویارک( ویب ڈیسک)ایپل نے آئی فون 11 کی تعارفی تقریب میں نیا انٹری لیول آئی پیڈ بھی متعارف کرایا گیا ہے ۔ اسے سٹیج پر ساتویں نسل (7th generation) کے نام سے پکارا گیا ہے ۔یہ مارچ 2018 میں 9.7 انچ سکرین کے ساتھ متعارف کرائی گئی 329 ڈالر کی ڈیوائس کا جانشین ہے ۔ نئے آئی پیڈ میں تقریباً 3.5 ملین پکسلز کے ساتھ 10.2 انچ ریٹینا ڈسپلے ہے ۔ اس میں اپنے پیش رو کی طرح اے 10 فیوژن چپ ہے اور اس کی قیمت بھی پچھلی ڈیوائس جتنی یعنی 329 ڈالر ہے تاہم تعلیمی مقاصد کے لیے اسے 299 ڈالر میں فروخت کیا جائے گا۔ اسے امریکہ اور دیگر 25 ممالک میں ابھی پری آرڈر کیا جا سکتا ہے ۔ اس کی فراہمی کا آغاز 30 ستمبر سے ہوگا۔ نیا آئی پیڈ ایپل پنسل کو سپورٹ کرتا ہے اور اس میں سمارٹ کنکٹر بھی ہے ۔ اسے ایپل کے سمارٹ کی بورڈ کے ساتھ بھی جوڑا جا سکتا ہے ۔اس ٹیبلٹ کا وزن صرف ایک پاؤنڈ ہے اور اس کی کیسنگ 100 فیصد ری سائیکل ایلومینیم سے بنی ہے ۔ اس میں آئی پیڈ او ایس انسٹال ہے ، جس میں بہتر ملٹی ٹاسکنگ، فلوٹنگ کی بورڈ، فائلز ایپ میں ایس ڈی کارڈ تک رسائی اور فوٹو ایپ میں بہتر ویڈیو ایڈیٹنگ کی سہولت موجود ہے ۔ ایپل ہر نئے آئی پیڈ کی خریداری پر صارفین کو ایپل ٹی وی پلس کی ایک سال کی سبسکرپشن مفت فراہم کرے گا۔ یہ نیا ٹیبلٹ ایپل کی نئی آرکیڈ گیمنگ سبسکرپشن سروس کو بھی سپورٹ کرتا ہے ۔