کراچی(سٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ25جولائی کو الیکشن نہیں سلیکشن ہوا، اے این پی کے کئی رہنماؤں پر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کیلئے دباؤ ڈالا گیا لیکن باچا خان کے سپاہی اپنے اسلاف کی قربانیوں کے ساتھ غداری کا سوچ بھی نہیں سکتے ،سندھ،پنجاب اور بلوچستان کی قیادت کو پارلیمنٹ میں پہنچا کر پشتونوں کو باہر کر دیا گیا، باچا خان مرکز کراچی میں اے این پی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان بیساکھیوں کے سہارے وزیر اعظم بن گیا ہے ایک بیساکھی بھی ہل گئی تو وہ وزیر اعظم نہیں رہے گا،انہوں نے کہا کہ غیر مستقل مزاج شخص کو ملک پر مسلط کر دیا گیا ہے ،سیاست سے شائستگی اور روایات کا جنازہ نکالنے والا شخص ملک کیسے چلائے گا، پولنگ کے بعد ایک گھنٹہ صرف دھاندلی کیلئے لیا گیا، ہماری کوششوں سے فاٹا صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم ہو گیا، اب شمالی اور جنوبی اضلاع کے پختونوں کی ایک وحدت قائم کریں گے ، ہمارا مقابلہ نادیدہ قوتوں سے ہے ہم اپنے دشمن کو نہیں جانتے لیکن وہ ہمیں جانتا ہے ، صوابی میں جلسہ کیلئے جاتے ہوئے مجھے الرٹ جاری کیا گیا ، کراچی میں بسنے والے پختون معاشی طور پر مشکلات کا شکار ہیں ، پر امن افغانستان کے بغیر پر امن پاکستان کا خواب دیکھنے والے خواب غفلت میں ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان موجود غلط فہمیاں دور کر کے مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے ۔