کراچی؍ اسلام آباد(سٹاف رپورٹر؍خصوصی نیوز رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مافیاز پیسہ بنانے کے لئے مہنگائی کرتے ہیں،ملک میں جو بھی بڑے بڑے مافیاز ہیں، ایک ایک کو پکڑیں گے ،ان کو نہیں چھوڑیں گے ۔وزیراعظم نے گورنرہاؤس کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق عظیم ملک بنانا میرا خواب ہے ، قوم پر مشکل اور آزمائش کا وقت ہے ،اس سے گھبراتے نہیں بلکہ سیکھتے ہیں، نوجوان ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، ان پر ہم جس قدر خرچ کریں گے ، ملک اتنا ہی ترقی کرے گا۔اپنے خطاب میں انہوں نے انکشاف کیاکہ وفاقی کابینہ اور ٹیم کے دیگر ارکان کے چہرے اترے ہوئے ہوتے ہیں، ان سے بھی یہی کہتا ہوں کہ برے وقت سے گھبرایا نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا وزرا سے سنا ہے کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی ہوگئی ،وہ ہوگیا ،میں آپ سے کہتا ہوں ایک ایک مافیا کو پکڑیں گے ،کسی کو نہیں چھوڑیں گے ۔وزیراعظم نے کہا بد دیانتی اور سیاسی وابستگیوں کی وجہ سے ہمیشہ پروگرام ناکام ہوتے ہیں، ہماری حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا پروگرام نوجوانوں کیلئے ہے ، جتنا میرٹ ہوگا، اتنا ہی پروگرام کامیاب ہوگا، جو معاشرہ میرٹ سے ہٹتا ہے ، وہ پیچھے رہ جاتا ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان کے ہر ادارے کو عالمی معیار کے مطابق بنا سکتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارا سسٹم میرٹ کو پروموٹ نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کامیاب جوان پروگرام کے تحت میرٹ پر قرضے دیئے جائیں گے ، اس میں کوئی سفارش نہیں چلے گی، اِس پروگرام میں درخواست گزاروں میں کسی قسم کاامتیاز نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا میں نے زندگی میں جو خواب دیکھا، وہ پورا ہوا، میرا اب ایک ہی خواب ہے کہ پاکستان کوعظیم ملک بناؤں جس کا قائداعظم اور علامہ اقبال نے خواب دیکھا تھا۔وزیراعظم نے کہا دنیا میں سب سے عظیم اور کامیاب شخص ہمارے نبی ﷺ تھے ، ہمیں ان کی زندگی سے سیکھنا چاہئے ، اللہ تعالیٰ نے پہلے ہی دن انھیں اقتدار نہیں دے دیا تھا،ہمارے پیارے نبی ﷺ نے بڑا مشکل وقت گزارا لیکن مدینہ کی ریاست نے دنیا کی تاریخ بدل دی تھی۔وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی جس میں نئے آئی جی سندھ کے لئے مشتاق مہر کے نام پراتفاق ہوگیا۔وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد آج نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کا امکان ہے ۔وزیراعظم نے کنگری ہائوس میں جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا اور اتحاد کے دوسروں رہنمائوں سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پیر پگارا کو یقین دہانی کرائی کہ اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور انہیں مایوس نہیں کرینگے ۔گورنر ہائوس میں سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کا اجلاس ہوا،جس میں تحریک انصاف ارکان اور حکام شریک ہوئے ،ایم کیوایم نے شرکت نہیں کی۔وزیراعظم نے کاروباری شخصیات سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا معاشی استحکام کو مزیدمستحکم کرنا اور سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کیلئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے تاجربرادری سے شکوہ کیا کہ وہ ٹی وی پربیٹھ کرعوام میں مایوسی نہ پھیلائیں،حکومت کی توجہ عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے ۔قبل ازیں کراچی آمد پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وزیراعظم کا استقبال سیاسی پختگی و استحکام کی علامت ہے ،وفاق نے سندھ کو ترقیاتی منصوبوں میں ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی ہے ،سندھ کو عوام کی ترقی کیلئے بدعنوانی سے پاک بنانا ہے ۔انہوں نے کہا قوم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد جاننے کیلئے بے تاب ہے ،نواز شریف کے اصل مرض کی تشخیص ضروری ہے ،ڈاکٹر عدنان معاونت کریں۔فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا سیاسی طوفان برپا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ چکی ، حکومت اپنے اتحادیوں کی حمایت کے ساتھ نہ صرف مستحکم ہے بلکہ جمہوری اختلاف کو جمہوری انداز میں سلجھا لیا گیا۔