مکرمی ! قومی الیکشن کے اعلان کے بعد حصول اقتدار کی جنگ ، سیاسی جوڑ توڑ، سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کے ایک دوسرے پر الزامات ، اور ملکی اداروں کے درمیان تناؤ کی صورتحال نے معاشرے کا سکون تباہ و برباد کر کے رکھ دیاہے ۔ چپقلش کی اس صورتحال میں ملکی ترقی شدید مثاتر ہورہی ہے ، غربت و مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کم ہونے کے بعد پھر بڑھ رہی ہے ، اس صورتحال میں سب سے زیادہ نقصان غریب پاکستانی کا ہوا ہے جوکہ بھرپور محنت و مشقت کے باوجود خوشحالی کی بجائے مہنگائی کا شکار ہورہا ہے ۔ مہنگائی و بے روزگاری کے مارے عوام پاکستان کو سمجھ نہیں آرہا کہ آخر انہیں کس جرم کی سزا دی جارہی ہے ۔عوام پاکستان بیرونی قرضوں سے نجات اور مہنگائی کا خاتمہ چاہتے ہیں، ہمارے ملک میں ایک طویل عرصے سے امیر افراد ، امیر تر اور غریب، غریب سے غریب تر ہوتا جارہاہے ۔ ملک کے نصاب تعلیم میں ایسے موضوعات اور علمی مباحثوں کو شامل کیا جائے جس سے پاکستانی طالب علموں اور نوجوانوں میں حب الوطنی، ایثار اور پاکستانی قومیت کے جذبات میں زیادہ سے زیادہ نکھار پیدا کیا جاسکے اور انہیں بلند کردار پاکستانی بنایا جاسکے ۔(رانااعجازحسین چوہان، ملتان)