بارسلونا(ویب ڈیسک) ہسپانوی سائنسدانوں نے صرف ایک بار استعمال کے لیے ایسے پلاسٹک پر مشتمل نلکیاں بنا لی ہیں جو بیکٹیریا (جراثیم) میں قدرتی طور پر تیار ہوتا ہے اور ماحول کو بالکل بھی نقصان نہیں پہنچاتا۔ یہ کارنامہ سپین کی جاؤمی یونیورسٹی کے ڈاکٹر لوئی کابیدو ماس کی نگرانی میں مختلف تحقیقی اداروں کے ماہرین نے مشترکہ طور پر انجام دیا ہے ۔ ان نلکیوں کی تیاری میں جس قسم کا پلاسٹک استعمال کیا گیا ہے وہ ’’پولی ہائیڈرو کسی الکینوئیٹ‘‘ یا مختصراً ’’پی ایچ اے ‘‘ کہلاتا ہے ۔ یہ پلاسٹک کی ایک قدرتی قسم ہے جسے بعض بیکٹیریا اس وقت تیار کرتے ہیں جب وہ کچھ خاص قسم کے مادّے بطور غذا استعمال کرتے ہیں۔ یعنی ہم ’’پی ایچ اے ‘‘ پلاسٹک کو ’’بیکٹیریا کا ماحول دوست فضلہ‘‘ بھی قرار دے سکتے ہیں۔ پی ایچ اے میں کسی قسم کا تیل موجود نہیں ہوتا، جبکہ کھلے ماحول میں پہنچنے کے تھوڑی دیر بعد ہی تحلیل ہو کر ختم ہوجاتے ہیں۔پی ایچ اے سے بنی یہ نلکیاں گرمی برداشت کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں لہٰذا گرم مشروب کا ذائقہ خراب کیے بغیر، بہ آسانی استعمال کی جاسکتی ہیں۔