لاہور( پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنماء وایم این اے ملک کرامت علی کھوکھرنے کہا ہے کہ پاکستان کو خوشحال و ترقی یافتہ دیکھنا پی ٹی آئی کا خواب ہے جس کی تعبیر ملنے کے قریب ہے انشاء اﷲ جلد اہلیان پاکستان دیکھیں گے کہ پاکستان میں تبدیلی کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارملک کرامت علی کھوکھرنے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈاکٹرمحمدعدنان بھی موجودتھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں قیام امن‘ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔کرامت کھوکھر نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح معاشی استحکام ہے جس کیلئے پی ٹی آئی نے فریم ورک مکمل کرلیا ہے اور انشاء اﷲ اس کے تحت عوام کو تبدیلی نظر آئیگی۔انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے جس کی حکومت قدر کرتی ہے انشاء اﷲ عوام بہت جلد ریلیف محسوس کرینگے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اورواضح تبدیلی محسوس کررہے ہیں، حکومت اپنے تمام وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔