لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان میں خواتین کی مصنوعات کی سب سے بڑی ایکسپو کا افتتاح کر دیا گیا ۔ نمائش کا افتتاح مسز پروین سرور نے کیا ، افتتاحی تقریب میں مقامی سفارت کاروں کے علاوہ بزنس کمیونٹی نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر پروین سرور نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کوششوں سے نمائش کا انعقاد کیا گیا جس کیلئے انتطامات دیکھ کر خوشی ہوئی، اس طرح کی نمائش سے خواتین کو نئے ڈیزائن سے شناسائی ہوتی ہے اور سیکھنے کو بھی بہت کچھ ملتا ہے ، ایسی نمائش سے کاروباری خواتین کو نئے کاروباری آئیڈیاز میسر آئیں گے اور خواتین ملکی روز گار کمانے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں بھی حصہ ڈال سکتی ہیں۔یہ ویکسنیٹ نمائش کے سلسلے کا دسواں ایڈیشن ہے جو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ، ٹی ڈی اے پی پاکستان بھر کی خواتین تاجروں کیلئے منعقد کراتا ہے ۔ اس سال پاکستان بھر سے تین سو سے زائد خواتین اپنے اپنے علاقے کی مصنوعات لا رہی ہیں ۔ یہ ملک کی واحد اور سب سے بڑی نمائش ہے جس میں تمام صوبوں سمیت گلگت اور کشمیر کی نمائندگی بھی شامل ہے ۔ نمائش دو دن جمعرات اورجمعہ کو ایکسپو سنٹر لاہور میں ہوگی ۔