اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں خون خرابہ بالکل نہیں چاہتا، کالعدم تحریک لبیک سے مذاکرات ہی مسئلہ کا واحد حل تھا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم کی صدارت میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹی ایل پی کے دھرنے سمیت اہم امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کور کمیٹی ارکان کو کالعدم تنظیم سے مذاکرات پر اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی، پارٹی امور ،تنظیم نو اورلاہور کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے خطاب میں مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ مسائل کو بات چیت اور مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی ہے ، کبھی طاقت کے استعمال اور انتشار کا حامی نہیں رہا، حالیہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی ۔ رحمت للعالمین اتھارٹی بنائی جو توہین رسالت کے سدباب کیلئے اقدامات کریگی۔ بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹ میرٹ پر دینگے ، پارٹی رہنما آج سے ہی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں اورعوامی رابطہ مہم شروع کریں۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاکہ کورکمیٹی اجلاس میں مہنگائی اور خیبر پختونخوا و پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے دو بنیادی ایجنڈوں پر بات ہوئی۔پنجاب میں شہروں کے میئرز ،مقامی حکومتوں کے انتخابات براہ راست ہونگے ، اس ضمن میں تیاری حتمی مراحل میں ہے ۔ پنجاب کے اضلاع میں نامزدگی کا سلسلہ شروع کر رہے ، خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے مہم شروع ہے ۔عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھنے پرہمیں تشویش ہے ۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے کوروکا گیا ۔ توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے بڑے فکرمند اور حکمت عملی تیار کر رہے ۔ وزیراعظم ایک دو روز میں مہنگائی کے حوالے سے پیکیج کا اعلان کرینگے ۔ اعظم سواتی اور میرے خلاف الیکشن کمیشن کے نوٹسز بے بنیاد ، ناانصافی اور زیادتی پر مبنی ہیں جن کو واپس لیا جانا چاہئے ۔ الیکشن کمیشن کے رویہ پر ہم نے دوبارہ سر جوڑ لئے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ اعظم سواتی اور فواد کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس پر پوری کور کمیٹی نے تشویش ظاہر کی ، جمہوری ملکوں میں جمہوری رویئے اس طرح نہیں ہوتے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کی معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں معاشی ٹیم نے ملک کی موجودہ صورتحال،وزیر اعظم کو بین الاقوامی مارکیٹ میں مہنگائی اور بڑھتی ہوئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بریفنگ دی ۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے مثالی اقدامات کئے ۔ کورونا وبا اور عالمی مارکیٹ میں انتہائی تیزی سے بڑھتی ہوئی اشیا خور ونوش اور پٹرولیم کی قیمتوں کے باوجود حکومت ملک میں قیمتیں کم رکھنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ پناہ گاہوں اور احساس کارڈز سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پناہ گاہ کو ایک مثالی سماجی بہبود کے منصوبے میں تبدیل کر رہے ،پناہ گاہوں میں خصوصا ًموسم سرما میں معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان سے معروف صنعت کار عقیل کریم ڈھیڈی نے اسلام آبادمیں ملاقات کی جس میں ملکی معاشی صورتحال پر گفتگو ہوئی ،اس موقع پر مشیرخزانہ شوکت ترین بھی موجود تھے ۔ لارج سکیل مینوفیکچرنگ پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔