لاہور(کلچرل رپورٹر)جسٹس(ر) ناصرہ جاوید اقبال نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کا تحفظ خود کرنا ہوگا،کسی عورت کا حصہ اسکا کوئی رشتہ دار غضب نہیں کر سکتا،وراثت میں اپنا حصہ لینے کیلئے جرات مند ی کا مظاہر ہ کریں اس حوالے سے معاشرہ میں شعور بیدار کرنا ہوگا، وراثت کا قانون 14سو سال قبل قرآن میں آیا،صوفیایہ کرام نے اسلام کی ترویج میں اہم کردار ادا کیا۔یہ بات الحمرا آرٹس کونسل کی ماہانہ ادبی و ثقافتی نشست ’’کچھ یادیں ، کچھ باتیں ‘‘ میں عدلیہ میں اعلی خدمات سرانجام دینے والی ناصرہ اقبال نے اپنی زندگی کے سفر، بچپن کے شب وروز،تعلیمی دور،فنی کیئریر،عملی میدان کی جدوجہد کے اتار چڑھاؤ کو حاضرین کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہی۔نشست میں وراثت ، گھریلو تشدد ، حراسگی و دیگر امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ۔چیئرپرسن بورڈ آف گورنز آرٹس کونسل الحمرا منیزہ ہاشمی نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ جسٹس(ر) ناصرہ جاوید اقبال نے خواتین کے حقوق کیلئے نہ صرف قانون بنانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ان کو پاس کرانے کیلئے بھی جدو جہد کی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے کہاکہ ان عظیم لوگوں کی زندگیوں کے روشن نقوش آج کی نوجوان نسل تک پہچانا اہم ہیں ۔