کھڈیاں خاص،شیخوپورہ،شرقپور شریف ، وہاڑی،سیالکوٹ(نمائندگان 92 نیوز ) دریائے ستلج میں 2دوست ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ،چنا ب میں ڈوبے نوجوان کی نعش برآمد ہو گئی ،کرنٹ لگنے اور سلنڈر پھٹنے سے زخمی باپ، بیٹا زندگی کی بازی ہار گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ کھڈیاں خاص تین دوست 26 سالہ ذوالفقار ، 27 سالہ ناصر اور 22 سالہ نوید دریائے ستلج میں سرحدی گاؤں عطر سنگھ والا کے قریب نہانے گئے جہاں ناصر اور 22 سالہ نوید ڈوب گئے جبکہ ذوالفقار کو بچا لیا گیا ہے ۔دونوں نوجوانوں کی نعشیں تا حال نہیں مل سکی ہیں۔ شیخوپورہ شرقپور شریف میں اریب پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ کرکٹ میچ کھیلتے ہوئے بجلی کے پول سے چھو گیا اور کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ وہاڑی نادر سینما مارکیٹ نزد جنرل بس سٹینڈ وہاڑی گیس سلنڈر کی دکان میں دوران گیس ری فلنگ سلنڈر پھٹنے سے شدید زخمی ہونے والے باپ، بیٹا زندگی کی بازی ہار گئے ۔ سیالکوٹ تھانہ حاجی پورہ کے علاقہ فتح گڑھ کا رہائشی23سالہ حامد علی دریائے چناب میں نہانے کے دوران ڈوب کر جاں بحق ہو گیا تھا کی نعش ریسکیو1122کے واٹر ریسکیو ٹیم نے ڈھونڈ کر لواحقین کے حوالے کردی۔ دوسری جانب تین روز قبل شہا بپورہ کے رہائشی14سالہ مہلب جوکہ نہر اپر چناب میں سمبڑیال کے قریب نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا کی نعش برآمد نہ ہوسکی۔