لاہور،کراچی(نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر، صباح نیوز،92 نیوزرپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے پی ٹی آئی لوکل باڈیز الیکشن میں دھاندلی کی کوششوں میں دفن ہو چکی۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہاپشاور میں پولنگ سے قبل پی ٹی آئی کے افراد بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اور اسی جماعت کے کارکنان کی جانب سے پولنگ سٹیشنز میں توڑپھوڑ اور خواتین سمیت پولنگ کے عملے پر حملوں کی خبریں آتی رہیں، یہ حرکتیں ایک غیرمقبول حکومت کی غماز ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں اے این پی کے امیدوار کو قتل کردیا گیا اور مقتول کے ورثا نے پی ٹی آئی کے وزیر پر الزام لگایا کہ رشوت دینے کی کوششوں کے بعد یہ قتل ہوا،ہم الیکشن کمیشن کے منتظر ہیں کہ وہ دھاندلی کے خلاف ایکشن لے اور صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنائے ،پی پی پی کے تمام کارکن خلاف ورزیوں کی رپورٹ پارٹی الیکشن سیل یا براہ راست ای سی پی کو دیں۔بلاول بھٹونے ممبر پنجاب کونسل انجم بٹ کوصاحبزادے ارسلان بٹ کی شادی پر مبارکباد دی ۔وزیر اعظم کے انٹرویوپر ردعمل میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا خان صاحب کب تک اپنی ناکامیوں اور نا اہلیوں کا ملبہ سیاسی مخالفین پر ڈالتے رہینگے ۔؟وزیر اعظم صاحب آپکی ٹیم کے کارنامے اور سکینڈل ہی آپکی تباہی کا باعث ہیں۔ساڑھے 3برس بعد آپ الزامات لگا رہے ہیں،اب تو میچور ہو جائیں،آپ کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا،نہ قوم کو ایک کروڑ نوکریاں ملیں نہ 50لاکھ گھر،الٹا روٹی کے لالے پڑ گئے اور برین ڈرین شروع ہو گیا،آپ کہتے تھے روزانہ 15لاکھ ڈالر کی منی لانڈرنگ روکوں گا،یہ رقم ابتک 2ارب ڈالر بن چکی،قوم جواب مانگتی ہے یہ کہاں ہے ،تاریخ گواہ ہے بھٹو خاندان نے ملک کو غذائی خود کفیل بنایا،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 100فیصد سے زائد اضافہ کیا،بھٹو خاندان قربانیوں کا زندہ باب ہے جس نے سب کچھ لٹا کے بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا،بھٹوز پھانسی کا پھندہ چوم لیتے اور شہید ہوجاتے ہیں ملک کیخلاف نہیں بولتے ۔