لاہور(سٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان اس وقت تنہا کھڑاہے ۔ حکومت پاکستان کشمیر پر ابھی تک دوٹو ک موقف نہیں پیش کرسکی،کشمیریوں سے بے وفائی کرنے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ 22 کروڑ عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ جبکہ حکمرانوں کے دل کسی اور کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سمیت بیس کیمپ کے لاکھوں عوام 22دسمبر کو حکمرانوں کو جھنجوڑنے کے لیے اسلام آباد آئیں، ان کا استقبال کریں گے ،کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے زیر اہتمام مظفر آباد میں مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 130دن ہو چکے ، اسلام آباد میں اقتدار کا کھیل جاری ہے جبکہ سری نگر کا سقوط ہو چکا ،کشمیریوں کے مقد ر میں لڑنا ہے وہ لڑیں گے ،پاکستان کے 22کروڑ عوام کشمیریوں کی پشت پر ہیں ،بیس کیمپ کی حکومت کو پوری ریاست کی نمائندہ حکومت کے طور پر تسلیم کیا جائے ،میں نے سینٹ میں اعلان کیا کہ راجہ فاروق حیدر خان کو ریاست جموں وکشمیر کا وزیر اعظم تسلیم اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کو اپنا مقدمہ پیش کرنے کا حق فراہم کیا جائے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان سفارتی محاذ پر جو کچھ کر سکتا تھا وہ نہیں کر رہا، اسلامی ممالک ہمارے ساتھ نہیں یہ ہماری سفارت کاری کی ناکامی ہے ۔کشمیر ہماری شہ رگ ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے 370اور 35Aکے خاتمے کے بعد پاکستان کی فوج کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کشمیریوں کو بچانے کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائے ۔ مشاورتی کانفرنس سے سردار عتیق احمد، ڈاکٹر خالد محمود خان ،عبدالرشید ترابی، مولانا امتیاز عباسی،وزرائحکومت ناصر ڈار،شوکت شاہ،رفعت عزیز،دانیال مدنی،نسیمہ وانی اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔