اسلام آباد(خبر نگار)عدالت عظمیٰ نے اقلیتوں کے عبادت گاہوں کے املاک کے بارے متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے پیش نامکمل رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ہے اور ملک بھر میں اقلیتوں کے املاک کی نشاندہی کرکے از سر نو رپورٹ مرتب کرنے کا حکم دیا ۔دو رکنی بینچ نے خیبر پختون خواہ کے ضلع کرکے میں مندر جلائے جانے کے واقعے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔چیف جسٹس نے ریما رکس دیئے کہ رپورٹ میں اقلیتوں کی بیشتر املاک کی نشاندہی نہیں کی گئی ۔ چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ ٹرسٹ کی زمین پر ہائوسنگ سوسائٹیز بنائی جا رہی ہیں، ایسا کیسے ممکن ہے ؟، جو رپورٹ جمع کرائی اس میں کراچی کی ان عمارتوں کا ذکر تک نہیں جو ٹرسٹ کی زمین پر بنائیگئیں ،لاہور ہی نہیں کراچی کی بھی متعدد زمینوں پر متروکہ وقف املاک بورڈ نے قبضہ کر رکھا ہے ۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا خیبرپختونخواہ میں مندر کے معاملے پر کوئی ریکوری یا گرفتاری عمل میں لائی گئی؟۔ متروکہ وقف املاک کے وکیل اکرام چودھری نے عدالت کو بتایا کوئی ریکوری نہیں ہوئی لیکن مندر کی دوبارہ تعمیرکیلئے 3 کڑور 41 لاکھ منظور کر لیے ۔چیئرمین ون مین کمیشن شعیب سڈل نے بتایا کہ اقلیتی حقوق کمیشن کے ساتھ متعلقہ حکام اوراتھارٹیز تعاون نہیں کر رہیں۔ہندو کونسل کے سربراھ رمیش کمار نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ کا کہنا ہے کرک میں مندر کی تعمیر کا کام ہندو برادری کرے ، اخراجات بعد میں واپس کرے گی۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کے پی کے نے کہا کہ قانون کے مطابق مندر کی تعمیر کے لیے ٹینڈر کرنا ضروری ہے ۔ عدالت نے مندر کی فوری تعمیر شروع کرنے اور ٹائم لائن سے عدالت کو آگاہ کرنے کے علاوہ اس بارے پیش رفت کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر چیف جسٹس نے آبزرویشن دی کہ 28 مارچ کو پرلاب مندر ملتان کو ہولی کے تہوار کیلئے تیار کریں۔چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ، آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری ملتان ملتان مندر میں سکیورٹی یقینی بنائیں ۔اس موقع پر نصاب تعلیم پر بات ہوئی اور کہا گیا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم نہیں جس پر عدالت نے وزارت تعلیم سے جواب طلب کرلیا ۔سپریم کورٹ نے مولانا فضل الرحمن کے مبینہ فرنٹ مین موسیٰ خان کی درخواست ضمانت پر نیب سے جواب کر لیا۔سپریم کورٹ نے کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق سیکرٹری یونین کونسل روات جاوید اختر چودھری کی درخواست ضمانت پر سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی ہے ۔