لاہور (کرائم رپورٹر سپیشل رپورٹ نیوز رپورٹر) لاہور پولیس نے مختلف کارروائیوں میں درجنوں سماج دشمن عناصر کو گرفتار کرلیا۔ شفیق آباد پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے پر شہزاد، کوٹ لکھپت پولیس نے منشیات فروش خاتون شہناز کوثر اور محمود سلطان، ساندہ پولیس نے 5 قمار بازوں کو حراست میں لیکر داؤ پر لگی رقم برآمد کرلی۔ انویسٹی گیشن پولیس ساندہ نے ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری غلام شبیر، مصری شاہ پولیس نے چور گینگ کے 2 اراکین، فیصل ٹاؤن پولیس نے دھوکہ دہی کے مقدمات میں مطلوب 3 ملزموں کو پکڑا۔ ریلوے پولیس لاہور ڈویژن نے ریلوے میٹریل چوری کرنے والے 2 افراد کاشف خان اور وقاص کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے 2 من کاپر وائرا ور 30 کلو کی آہنی کمانی برآمد کرلی۔ ادھر صدر ڈویژن اور اقبال ٹاون ڈویڑنز میں کالے شیشے اورغیر قانونی ریوالونگ لائٹ استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے 4 روز میں 239 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ 185 گاڑیوں کے مالکان نے رضاکارانہ طور پر کالے شیشے اتار دئیے ، 20 گاڑیوں کو صدر ڈویژن کے مختلف تھانوں میں بند کیا گیا۔ افراد کے خلاف مختلف تھانہ جات میں ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا۔ ادھر اچھرہ میں پٹرولنگ آفیسر نے خاتون سے موبائل چھیننے والے علی رضا اور اویس کو پکڑ کر اچھرہ پولیس کے حوالے کردیا۔