کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے کراچی کو ملک کی ترقی کا محور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی خوشحال ہوتا ہے تو پورا پاکستان خوشحال ہوتا ہے ، ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہیں،کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت وعدوں پر عمل جاری ہے ، بنڈل آئی لینڈ سے سندھ کو فائدہ ہوگا، عوامی مفاد کے منصوبوں میں ایک دوسرے سے تعاون اور مل کر چلنے سے سب کو فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی کے شہریوں کے لئے جدید ترین سفری سہولیات کے حامل 35.5 ارب روپے کی لاگت کے گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کا افتتاح کرتے کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر اوروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری موجود تھے ۔عمران خان نے کہا کراچی روشنیوں کا شہر تھا، اسے کھنڈر بنتے دیکھا ہے کیونکہ ماضی میں اس کے مینجمنٹ سسٹم پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا ایران پر پابندیوں کے باوجود دارالحکومت تہران جدید شہر ہے کیونکہ اس کی مینجمنٹ جدید بنیاد پر استوار کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو بدانتظامی کے باعث مسائل کا سامنا ہے ، کراچی کو بلدیاتی انتخابات کے ذریعے خودمختاری دینے کی ضرورت ہے جس طرح پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بڑے شہروں میں میئر براہ راست منتخب ہوگا۔انہوں نے کہا موجودہ حکومت نے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے وہ کام کئے جو ترقی یافتہ ملکوں میں بھی نہیں کئے جاتے ، خیبر پختونخوا میں سب خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس فراہم کر دی گئی ہے ، پنجاب کے بعض اضلاع میں ہیلتھ کارڈ دے دیئے گئے ہیں جبکہ جنوری سے مارچ کے دوران پنجاب بھر میں تمام خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس فراہم کر دی جائے گی، صوبہ بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر اپنے شہریوں کو ہیلتھ کارڈ دینے کے لئے تیار ہیں، سندھ حکومت کو بھی اپنے صوبہ کے عوام کے مفاد میں ان کو ہیلتھ کارڈ دینے چاہئیں۔ عمران خان نے کہا سندھ حکومت نے بنڈل آئی لینڈ کا این او سی دے کر واپس لے لیا، اس منصوبہ کا سب سے زیادہ فائدہ صوبہ سندھ کو ہوگا۔ انہوں نے کہا سندھ کے لوگ بھی پاکستان کا حصہ ہیں، سندھ میں آٹا 250 روپے فی من مہنگا مل رہا ہے ، ہمیں مل کر کام کرنا چاہئے ، ایک دوسرے سے تعاون اور مل کر چلیں گے تو اس سے سب کو فائدہ ہوگا۔اسد عمر نے کہا آئندہ چند ماہ میں حیدرآباد ، سکھر موٹروے کا افتتاح ہوگا، کراچی سرکلر ریلوے پر کام شروع ہوچکا ،پیپلز پارٹی 6 بار برسراقتدار رہی سندھ میں ایک میل موٹروے نہیں بناسکی۔اسد عمر نے ن لیگ پر وار کرتے ہوئے کہا ن لیگ نے 3بار حکومت ملنے کے باوجود کراچی کو اس کا حق نہیں دیا، کل مزاحیہ خاکہ چل رہاتھا، ایک صاحب افتتاح کرنے آگئے ۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے تختی کی نقاب کشائی کرکے گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کا افتتاح کیا۔ادھر تحریک انصاف کے کارکنان اور سینئر عہدے داران نے گرین لائن منصوبے کی تقریب میں شرکت کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کیا اور نمائش سٹیشن کے باہر دھرنا دیا۔پارٹی رہنمائوں نے ناراض کارکنان کو منایا۔اس موقع پر صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس بھی طلب کی گئی ۔عمران خان نے اینگرو کارپوریشن کی ذیلی کمپنی اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز کے نئے پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔وزیراعظم نے کہا پی ٹی آئی کی حکومت مقامی کاروبار بڑھانے ،درآمدات کا متبادل اور برآمدات کو فروغ دینے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے زیرصدارت تحریک انصاف کے علاقائی صدور اور جنرل سیکرٹریز کا اجلاس گورنرہاؤس میں ہوا۔اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور سندھ ارباب غلام رحیم شریک ہوئے ۔وزیر اعظم نے حکومت سندھ پر زور دیا کہ وہ وفاقی حکومت کی تمام سماجی و اقتصادی ترقی کی سکیموں بشمول کامیاب پاکستان، احساس کارڈ، احساس راشن رعایت پروگرام، صحت کارڈ اور کسان کارڈ میں بھرپور حصہ لے ۔وزیر اعظم نے کہا محض سیاسی وجوہات کی بنا پر صوبہ سندھ کے عوام کو وفاقی حکومت کی ترقیاتی سکیموں کے ثمرات سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران تنظیمی امورپرحلیم عادل شیخ اور ارباب غلام رحیم میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اجلاس میں ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہورہی ہیں، گورنر سندھ اپنا کردار ادا نہیں کرتے ۔حلیم عادل شیخ نے ارباب غلام رحیم کے الزامات کومستردکردیا اورکہا ارباب غلام رحیم معاون خصوصی ہونے اورمراعات کے مزے لے رہے ہیں،یہ اسلام آبادمیں ہوتے ہیں، انہیں سندھ کے معاملات کاعلم نہیں، ارباب غلام رحیم خود گھرسے نہیں نکلتے ،میں نے انہیں متعدد بار مدعو کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے گورنرسمیت سب کوباہربھیج دیا،وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ سے اکیلے میں گفتگوکی۔دوسری جانب ترجمان حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ارباب غلام رحیم کی تلخ کلامی کے حوالے سے خبروں میں صداقت نہیں ،پی پی کے ڈس انفارمیشن سیل کی جانب سے ایسی خبریں پھیلائی جارہی ہیں،تحریک انصاف سندھ مضبوط اور متحد رہ کر سندھ کے سیاسی مافیاز سے مقابلا کررہی ہے ۔