اسلام آباد (خبر نگار) عدالت عظمیٰ نے پشاور بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے لیکن منصوبے کی لاگت میں اضافے اور غیر معیاری تعمیرات کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ تین رکنی بینچ نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف خیبر پختونخواہ حکومت کی اپیل منظور کرتے ہوئے نیب سے پراجیکٹ کی تحقیقات کے حکم کو روک دیا اور قرار دیا کہ تمام مجاز اتھارٹیز سے منصوبے کی منظوری حاصل کی گئی ہے ۔دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ پشاور بی آر ٹی منصوبے پر لاگت سے زیادہ رقم خرچ کرنے کا الزام ہے ، بی آر ٹی کنٹریکٹر کو بلیک لسٹ قرار دیا گیا تھا،جو فلائی اوور اور انڈر پاس بنے وہ معیاری نہیں،کئی مقامات پر راستہ کی چوڑائی کم تھی جسے توڑ کر دوبارہ بنایا گیا،آپ پبلک افس ہولڈر ہیں ان الزامات کا جواب دینا ہوگا۔فاضل جج نے کہا بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات نیب کے ذریعے کرانے کے پشاور ہائی کورٹ کے حکم میں نقائص ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث احمد عمر شیخ کی رہائی روکنے کی سندھ حکومت کی استدعا ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے انہیں دیگر ملوث ملزمان سمیت فوری طور پر کال کوٹھڑی (ڈیتھ سیل )سے نکالنے اور ریسٹ ہائوس منتقل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جسٹس عمر عط ابندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے احمد عمر شیخ کی رہائی کے خلاف حکم امتناعی کے لیے دائر سندھ حکومت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کے لیے مہلت دینے کی اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرلی اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی ۔عدالت نے حکم دیا کہ دو دنوں میں تمام ضروری انتظامات کیے جائیں اور تمام زیر حراست ملزمان کو ان دو دنوں میں عام بیرکس میں آرام دہ ماحول میں رکھا جائے ۔عدالت نے قرار دیا کہ سرکاری ریسٹ ہائوس میں اہلخانہ صبح آٹھ سے پانچ بجے تک ملزمان کے ساتھ رہ سکیں گے ۔عدالت نے آبزرویشن دی کہ احمد عمر شیخ اور دیگر افراد کو ملزم نہیں کہا جاسکتا،ہم آئین کے پابند ہیں قانون سے ہٹ کر کسی کو زیر حراست نہیں رکھا جاسکتا۔دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے آئندہ ہفتے تک حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا کی جبکہ ا ٹارنی جنرل نے کہا کہ احمد عمر شیخ عام ملزم نہیں بلکہ دہشتگردوں کا ماسٹر مائنڈ ہے اور عوام کیلئے خطرہ ہے ۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریما رکس دیئے کس بنیاد پر حکم امتناعی دیا جائے ، بغیر شواہد کسی کو دہشتگرد قرار دینا غلط ہوگا، احمد عمر شیخ کا دہشتگردوں کیساتھ تعلق ثابت کریں۔عدالت نے قرار دیا کہ احمد عمر شیخ اور دیگر زیرحراست افراد موبائل فون، انٹرنیٹ استعمال نہیں کر سکیں گے ۔ سینٹ الیکشن کے بارے میں صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے آبزرویشن دی کہ ہارس ٹریڈنگ اورووٹوں کی خریدو فروخت روکنا الیکشن کمیشن کا کام ہے آئین کسی ممبر کو پارٹی لائن کے خلاف ووٹ دینے سے نہیں روکتا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہاکہ آئین میں الیکشن کا طریقہ کار درج نہیں تو پارلیمان قانون سازی کرسکتی ہے ۔ اپوزیشن اوپن بیلٹ پر متفق کیوں نہیں ہورہی؟۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ الیکشن کمیشن چاہتا ہے کسی طرح بھی ہو اوپن بیلٹ سے الیکشن نہ ہو،عدالتی وقت ختم ہونے پر کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی گئی ۔سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی درخواست پر کنٹرول آف نارکوٹیکس ایکٹ2019کے خلاف کیس میں قائم کمیٹی سے ایک ماہ میں پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔سپریم کورٹ نے لاہور میں وکلا کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات کے اندراج کے خلاف درخواست پر رجسٹرار ہائیکورٹ،ایڈوکیٹ جنرل پنجاب اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کردئیے ۔سپریم کورٹ نے گیارہ پاکستانی ہندوؤں کو ہمسایہ ملک بھارت میں بے دردی سے قتل کیے جانے کے معاملہ میں سماعت کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان اور وزارت خارجہ سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔سپریم کورٹ نے نواب شاہ کے علاقے میں ذاتی دشمنی کی بناء پر مخالفین کے گھر کے افراد کے قتل گھر کوجلانے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے چھ ملزمان کی ضمانتیں قبل از گرفتاری مسترد کردیں۔