لاہور(نامہ نگار خصوصی)سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سپریم کورٹ کے جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں پنجاب کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے حوالے سے انتظامی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں انتظامی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پولیس، پراسیکیوشن سمیت اداروں نے رپورٹس پیش کیں۔ جسٹس منظور احمد ملک نے اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرکے عدالتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ پولیس کو دہشت گردی مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں پیش کے جائیں،اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضے ملحوظ خاطر رکھے جائیں تاکہ مقدمات کا ٹرائل جلد مکمل کیاجاسکے ،فاضل جج نے اجلاس میں جیلوں میں دہشت گردی کے ملزمان کی کڑی نگرانی اور تمام محکموں کے درمیان روابط بڑھانے کے لئے ہدایات جاری کیں،فاضل جج نے آئندہ اجلاس میں تمام محکموں کواس حوالے سے پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کے ساتھ اجلاس کی کارروائی ملتوی کردی ۔سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے کا ججز روسٹر اور کازلسٹ جاری کر دی گئی ہے ۔ آئندے ہفتے پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں پانچ بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے ، بنچ نمبر ایک چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل ہوگا، بنچ نمبر دو میں جسٹس مشیر عالم، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں، بنچ نمبر تین جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل ہوگا۔ بنچ نمبر چار میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس مقبول باقر شامل ہیں، بنچ نمبر پانچ جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل ہوگا۔ آئندہ ہفتے ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل دو رکنی بینچ جمعرات کو کیس کی سماعت کرے گا۔