پشاور (92 نیوزرپورٹ)سیشن جج پشاوراشفاق تاج نے میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی قتل کیس کے مرکزی ملزم مجاہد اللہ کو سزائے موت سنا دی جبکہ دیگر ملزمان شاہ زیب اور صدیق اللہ کو بری کر دیا ۔کوہاٹ میں میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل کیس کا فیصلہ تین سال بعد سنٹرل جیل پشاور میں سنا یا گیا۔ مرکزی ملزم مجاہد اللہ کولواحقین کو بیس لاکھ روپے معاوضہ اور تین لاکھ جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کی سال سوئم کی طالبہ عاصمہ رانی کورشتے سے انکار پر جنوری 2018 میں کوہاٹ میں گھر کے قریب قتل کیا گیا تھا، مقتولہ نے نزعی بیان میں مجاہد اللہ کوملزم نامزد کیا تھا،ملزم مجاہد اللہ کو پولیس نے انٹرپول کے ذریعے متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا۔ مقتولہ کے خاندان کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے کیس کوہاٹ سے پشاور منتقل کر دیا تھا۔