لاہور،اسلام آباد(اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار) احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کے سکینڈل میں سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی پر فردجرم عائد کر دی،ملزم نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس پرعدالت نے 26 نومبر کوگواہان کو طلب کر لیا۔احتساب عدالت لاہور نمبر تھری نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فوادکے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی ۔احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کرکے آئندہ سماعت دو دسمبر پر نیب تفتیشی افسر سے ریفرنس سے متعلق حتمی رپورٹ طلب کر لی۔ احتساب عدالت نے ٹرسٹ انویسٹمنٹ بنک لمیٹڈ کے چیئرمین آصف کمال کے خلاف کیس میں ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی، نیب پراسیکیوٹرنے ریفرنس عدالت میں دائر کر دیا گیا۔احتساب عدالت لاہور نے ڈی سی آفس میں جعلی اسلحہ لائسنس کیس میں ملوث تینوں ملزمان سید رضوان حسین، وقار علی اور صفدر احمد کو جوڈیشل کر دیا۔احتساب عدالت نے الخیر ہاوسنگ سوسائٹی کے نام پر کروڑوں روپے کے فراڈ کیس میں ملزم پرویز اقبال اور مبشر اسحاق کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی ۔احتساب عدالت اسلام آبادکے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار9 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں6 دسمبر تک توسیع کر دی ۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے سابق مشیرمیاں خرم رسول کے خلاف ایل پی جی ریفرنس میں ملزم کے بیان کے لئے سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔