لاہور،اسلام آباد،کراچی سٹاف رپورٹر(اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)احتساب عدالت لاہورکے جج چودھری امیر محمد خان نے شریف خاندان کے لئے منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم محمد شعیب قمر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11 روز توسیع کردی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی اور ڈاکٹرڈنشا کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کر دی ۔احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کرپشن کیس میں ملوث سابق ڈی جی سپورٹس عثمان انور سمیت چھ ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید14 روز توسیع کر دی۔احتساب عدالت کراچی نے سابق ایم ڈی سندھ ٹورازم ڈویلپمنٹ روشن علی کانسرو سمیت محکمے کے 8 افسران کے خلاف نیب ریفرنس سماعت کیلئے منظور کرلیا۔