لاہور(جنرل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام میو ہسپتال کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے گزشتہ روز فاؤنٹین ہاؤس میں خواجہ سراؤں کے میڈیکل چیک اپ اور علاج کے لئے کیمپ منعقد کیا ۔ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور میڈیکل کیمپ کی فوکل پرسن امیرہ بیدار نے کیمپ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر فوکل پرسن برائے میڈیکل کیمپ امیرہ بیدار نے بتایاکہ خواجہ سراؤں کو علاج معالجہ کی سہولیات ریگولر بنیادوں پر فراہم کرنے کیلئے پورے صوبے میں ایک جامع پروگرام ترتیب دیاجارہاہے اور فاؤنٹین ہاؤس میں لگایاجانے والا کیمپ اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میو ہسپتال ڈاکٹر طاہر خلیل کا کہنا تھا کہ فاؤنٹین ہاؤس کا کیمپ ہر ہفتہ لگا کرے گا او رخواجہ سراؤں کو علاج کی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔ میڈیکل کیمپ میں میڈیسن ، جلد، امراض چشم ، گلہ ،ناک ، کان کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے علاوہ بلڈ سکریننگ کیلئے لیبارٹری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔فاؤنٹین ہاؤس میں سات سو سے زیادہ خواجہ سرا رجسٹرڈ ہیں - گذشتہ دنوں چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی اچانک دورہ کے موقع پر فاؤنٹین ہاؤس میں خواجہ سراؤں کو صحت سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیاتھا ۔اس موقع پر اخوت فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب نے بتایاکہ اخوت فاؤنٹین ہاؤس میں پہلے ہی خواجہ سرا کمیونٹی کیلئے ویلفیئر پروگرام چلا رہی ہے اور اخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے خواجہ سراؤں کو علاج معالجہ کی سہولیات ترجیحی بنیادں پر فراہم کرنے کیلئے خصوصی کارڈ جاری کیاجائے گا اور منتخب ہسپتالوں میں مذکورہ کارڈ دکھا کر خواجہ سرا طبی سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی جانب سے بھی خواجہ سراؤں کی بلڈ سکریننگ کیمپ منعقد کیاجاتا ہے اور مریضوں کو علاج کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں ۔