سان فرانسسکو(ویب ڈیسک) دنیا کی پہلی سمارٹ یوایس بی میں رکھا آپ کا قیمتی ڈیٹا اب کوئی نہیں چراسکتا کیونکہ یہ فنگر پرنٹ سے بند ہوتی اور کھلتی ہے۔ یوایس بی کو واوا ٹچ یوایس بی کا نام دیا گیا ہے جو بہت جلد ایک اور دو ٹیرابائٹ میں گنجائش کے ساتھ جلد دستیاب ہوگی۔اس یوایس بی پر دس افراد اپنے فنگر پرنٹ رجسٹر کرسکتے ہیں۔ اس طرح بہت خفیہ ڈیٹا کو دوسروں سے اوجھل رکھا جاسکتا ہے۔سمارٹ یوایس بی سے 10 جی بی کا ڈیٹا صرف 20 سیکنڈ میں ایک سے دوسری جگہ منتقل ہوجاتا ہے۔ایک ٹیرابائٹ یوایس بی کی قیمت 149 ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ دو ٹیرابائٹ کی یوایس بی آپ 269 ڈالر میں خرید سکتے ہیں۔ سان فرانسسکو کی ایک کمپنی نے یہ اہم اختراع کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر رکھی ہے اور مکمل تیار ہے لیکن کورونا وبا کے تناظر میں کچھ دیر ہوسکتی ہے۔ فنگرپرنٹ انکرپشن کے ساتھ یہ دنیا کی پہلی جدید ترین ایس ایس ڈی ٹچ، یوایس بی ہے جسے ہر ممکن حد تک خفیہ رکھا گیا ہے۔ فنگرپرنٹ سے نہ کھلنے کی صورت میں اس کا ڈیٹا کوئی نہیں دیکھ سکتا۔ اگرسکیورٹی بڑھانی ہے تو اس میں فنگرپرنٹ کے ساتھ پاس ورڈ کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔یوایس بی کی کیفیت دکھانے والی ایل ای ڈی بھی نصب ہیں۔ کسی ایرر کی صورت میں سرخ رنگ جلتا ہے، ڈیٹا ٹرانسفر کے وقت نیلی ایل ای ڈی کام کرتی ہے جو اس کے جدید اور ہموار ڈیزائن پر بھلی لگتی ہے۔ اس کی رفتار کا اندازہ ہوں لگائیے کہ 10 جی بی کی ڈیٹا صرف 20 سیکنڈ میں ایک سے دوسری جگہ منتقل ہوجاتا ہے۔ اس طرح یہ کسی بھی معیاری ہارڈ ڈسک سے کم ازکم پانچ گنا برق رفتار بھی ہے۔ ڈیٹا منتقل کرنے کی رفتار 480 سے 540 میگابائٹس فی سیکنڈ ہے۔ تاہم مختلف کمپیوٹر اور پلیٹ فارم پر یہ رفتار مختلف ہوسکتی ہے۔واوا ایس ایس ڈی ٹچ ہر طرح کے پی سی، ایپل میک، آئی پیڈ پرو، اینڈروئڈ آلات، گیمنگ کونسولس، کیمروں اور ٹیبلٹ وغیرہ کے لیے قابلِ استعمال ہے۔ ایک ٹیرابائٹ یوایس بی کی قیمت 149 ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ دو ٹیرابائٹ کی یوایس بی آپ 269 ڈالر میں خرید سکتے ہیں۔