کراچی( سٹاف رپورٹر) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج ہفتہ کو عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا،اس موقع پر پی ایم اے کاکول کا چاق و چوبند دستہ مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے گا، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ مزار پر حاضری دیں گے ، فاتحہ پڑھیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے ، بانی پاکستان کو خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، ملک بھر میں سیمینارز، کانفرنسز اور تقاریب منعقد ہوں گی۔ اپنے پیغام میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ شناخت اور سیاسی سمت کا تصور دیا۔ آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم ترقی پسند لیڈر تھے ۔صدر مملکت عارف علوی نے قائد اعظم کے یوم پیدائش کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا یہ ہماری نسل اور ہمارے بچوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے جو قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے اپنے پیغام میں کہا بانی پاکستان کی تعلیمات اور ان کے فرمودات کی اہمیت موجود ہ دور کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے مزید اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔ بلاول نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔