مکرمی !کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ایک پندرہ سالہ لڑکے کی تشدد کے باعث ہلاکت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس نے معاشرتی بے حسی کو بے نقاب کر کے رکھ دیا، ریحان نامی نوجوان چوری کی نیت سے ایک گھر میں داخل ہوا اور اس سے قبل کہ وہ چوری کر کے فرار ہوتا، اسے دو نسبتاً بڑے لڑکوں نے پکڑ لیا، اسکو مارنا شروع کر دیا،۔ اسکو اتنی بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی موت کا شکار ہو گیا۔ وہاں موجود لوگوں نے اسے بچانے کی کوشش نہیں کی، البتہ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلا دی، پولیس نے دو لڑکوں کو گرفتارکر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ نا جانے اب یہ گرفتاری اور تفتیش نتیجہ خیز ثابت ہوتی ہے یا نہیں۔ مگر پولیس بھی تو اعتبار کھو چکی ہے، انصاف ملنے کی امید کم ہو گئی ہے۔ جب بھی کوئی ایسا حادثہ وقوع پذیر ہوتا ہے تو معاشرتی نظام کی بنیاد پر کئی سوال پیدا ہوتے ہیں، کیونکہ یہ حادثات تسلسل کے ساتھ وقوع پذیر ہو رہے ہیں، متواتر خبریں اور ویڈیوز نظر سے گزرتی ہیں مگر کوئی سدباب نظر نہیں آتا ہے۔ انفرادی طور پر اپنے آپ کو درست سمت میں لے جائیں، جب ہر فرد اپنا فرض نبھائے گا تو اجتماعی طور پر اثرات مرتب ہونگے، مسائل کم ہو جائیں گے۔ ( طیبا بخاری )