اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ملک کی بقاء اخلاقی اقدار کو مضبوط کرنے میں ہے ، اخلاقی اقدار کی بہتری کیلئے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے ، رحمت اللعالمین اتھارٹی اخلاقیات کی قومی سطح پر بہتری کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے رحمت اللعالمین اتھارٹی پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔بریفنگ میں بتایا گیااتھارٹی کا آرڈیننس جاری ہو چکا، 6 ممبران پر مشتمل بورڈ کی صدارت وزیرِ اعظم خود کریں گے ،بورڈ ممبران میں مقامی اور بین الاقوامی سطح کے محققین شامل ہونگے ۔عمران خان نے کہا اتھارٹی سکول، کالج، یونیورسٹی، میڈیا اور بین الاقوامی سطح پر تحقیق کے ذریعے سیرت طیبہ کے پہلوؤں کے عملی زندگی میں اطلاق کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا نشری مواد جیسے کہ ڈرامے ، کارٹون اور فلمیں بنائی جائیں گی جن کا مقصد اپنے کلچر اور تاریخ کے بارے میں نوجوان نسل کو آگاہی دینا ہوگا۔انہوں نے کہا سیرت طیبہ پر ملک میں بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے ،اتھارٹی فرقہ وارانہ تقسیم کو ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بورڈ ممبران کی تقرری میں میرٹ کا خاص خیال رکھا جائے ،اسلامی خاندانی نظام اور اسکے معاشرے پر مثبت اثرات پر بھی تحقیق ہونی چاہئے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے مشیر خزانہ شوکت ترین اور وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے ملاقات کی۔ملاقات میں خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل سے زیادہ محصولات حاصل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتربنانے کیلئے بھی تمام ممکن اقدامات کئے جائیں۔