کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ وفاقی حکومت نے کسی قسم کا معاہدہ نہیں کیا، جن لوگوں نے معاہدہ کیا وہ ہی وفا کریں، کرونا وائرس سے حوالے سے بلوچستان حکومت کو جو بھی وسائل درکار ہوں وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر کیساتھ پریس کانفرنس میں کیا، اعجاز شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بلوچستان کے دورے پر آیا ہوں، چیف سیکریٹری سے ملاقات کرکے صوبائی حکومت کو وفاقی حکومت کی جانب سے وسائل کی فراہمی سے متعلق بات چیت کی، مجھ سے قبل وزیراعظم کے مشیر صحت ظفر مرزا نے بلوچستان کا دورہ کیا اور تفتان گئے ۔ وزیراعظم ہائوس میں کرونا وائرس کے حوالے سے باقاعدہ سیل قائم کردیا گیا، ایک وفاقی وزیر اس کے انچارج ہے جو ملک بھر کے حوالے سے وزیراعظم کو وقتاً فوقتاً آگاہ کرتے رہتے ہیں، ایران سے زائرین کو ڈائریکٹ اپنے اپنے علاقوں لے جانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے ، تمام زائرین کو ضروری مراحل سے گزار کلیئرنس کے بعد گھروں کو جانے دیا جائے گا۔مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے کہاکہ وفاقی حکومت نے مولانا فضل الرحمن کے ساتھ دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں کیا جن لوگوں نے معاہدہ کیا وہی معاہدے کو وفاکرے ، ہمیں اس کا علم نہیں ہے ۔