لاہور،کراچی (نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر، بیورو رپورٹ )پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ ،مہنگی گیس کیخلاف مظاہرے کئے جن میں کارکنوں نے بھرپور شرکت کی ،سندھ کے کئی شہروں میں دھرنے بھی دئیے گئے ،مظاہرین نے پی ٹی آئی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔تفصیلات کے مطابق پی پی لاہور کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل نے کی، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اسلم گل نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ،گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے رہی سہی کسر نکال دی ہے ،بحرانوں کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں ، پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کئے گئے ، ضلع شرقی میں لسبیلہ چوک پر مظاہرے ، دھرنے سے خطاب میں وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے صرف بحران پیدا کئے ، یومیہ بنیاد پر مہنگائی بڑھ رہی، گیس نہیں مل رہی، لوگ لکڑیوں پر کھانا پکارہے ہیں۔مظاہرے سے شرمیلا فاروقی و دیگر نے بھی خطاب کیا، وقار مہدی ، امتیاز شیخ ، شہلا رضا نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ۔حیدرآباد میں مظاہرے سے مولا بخش چانڈیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے پاس ہے ،لاڑکانہ میں نثار کھوڑو اور جمیل سومرو کی قیادت میں دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر ہنمائوں کا کہنا تھا کہ اگر جیل بھرو تحریک شروع ہوئی تو پیپلز پارٹی کے سب کارکنان اور رہنما جیل جانے کو تیار ہیں ۔ سرگو دھا ،خوشاب سمیت دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کئے گئے ۔ لاہور( نیوز ایجنسیاں ) ن لیگ کے صدر ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی کی کرپشن اور نااہلی نے گیس بحران پیدا کیا ، بچے بھوکے پیٹ سکول جانے پر مجبور ہیں لیکن حکومت کو احساس نہیں ۔ ملک میں گیس کے شدید بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ سردیوں میں صبح، دوپہر اور شام کو گھروں کو گیس دینے کا حکومتی وعدہ بھی جھوٹ نکلا، حکومت کی مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں عوام کھانا پکانے سے بھی محروم ہوچکے ہیں ، صنعتوں کو گیس نہیں ملی گی تو بے روزگاری مزید بڑھے گی ۔