اسلام آباد( جہانگیر منہاس)حکومت کی طرف سے نجی لیبارٹریز پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی مناسب قیمت مختص نہ کرائے جانے پر کئی افرادمیں کوروناکی واضح علامات کے باوجود ٹیسٹ کرانے کا رحجان انتہائی کم دیکھا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملک کے بڑے شہروں میں قائم نجی لیبارٹریز نے کورونا کا ٹیسٹ کرانے والوں کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ ایک لیب کوروناٹیسٹ ساڑھے 7 ہزار میں ٹیسٹ کر رہی ہے تو دوسری لیب مریضوں سے کوروناٹیسٹ کے 9 ہزار روپے بٹورنے میں لگی ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق وفاقی وزارت صحت مشکل کی اس گھڑی میں نجی ہسپتالوں میں قائم لیبارٹریز کو تاحال اس بات کا پابند نہیں بنا سکی ہے کہ متوسط اور غریب لوگوں سے کورونا ٹیسٹ کی مناسب قیمت وصول کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ، کراچی اور جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد میں سینکڑوں افراد پیسے نہ ہونے کی وجہ سے نجی لیبارٹریز سے کورونا ٹیسٹ کرانے سے محروم ہیں۔ وفاقی حکومت اور بالخصوص وزارت قومی صحت کو چاہئے تھا کہ وہ نجی لیبارٹریز کو کورونا ٹیسٹ کا دو سے تین ہزار تک کا پیکیج مختص کراتی۔ذرائع کے مطابق کورونا ٹیسٹ کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے اس وقت بڑے شہروں میں متعدد افراد بیماری کا شکار ہونے کے باوجود محض ٹیسٹ نہ کرانے کی وجہ سے پورے معاشرے کے لئے رسک بن چکے ہیں۔