اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کو اقامے کی نہیں، مامے کی وجہ سے نکالا گیا۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا مریم نواز نے اپنی تقریر میں مضحکہ خیز باتیں کیں،وہ بار بار کہتی ہیں کہ میری رگوں میں کشمیر کا خون ہے لیکن آپ لوگ پہلے دن سے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں۔انہوں نے کہا نواز شریف کا ماما وہ تھا جس نے لندن فلیٹ خرید کردیئے اور نواز شریف لندن فلیٹ کا کوئی بھی ثبوت دینے میں ناکام رہے ،نواز شریف لندن فلیٹ کے ثبوت کے نام پر قطری خط پیش کرتے تھے ۔انہوں نے کہا نواز شریف نے حریت کانفرنس کے رہنمائوں سے ملاقات سے انکار کیا تھا، بھارتی سرمایہ کار سجن جندال کو مری والے گھر بلایا اور قومی سلامتی کے اداروں کو بھی اعتماد میں نہیں لیا تھا۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے کبھی کلبھوشن کا نام نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کو دراصل مریم نواز کے والد نے بیچا تھا،مریم نواز سزا یافتہ مجرمہ اور ضمانت پر ہیں، وہ بھارت کی زبان بول رہی ہیں۔