اسلام آباد(آن لائن،این این آئی)وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے نوازشریف کو کسی لائحہ عمل کے بغیر باہربھیجنا ناممکن ہے ، ہم پیسے معاف نہیں کرسکتے ،شریف فیملی میں مسلم لیگ (ن) کی لیڈرشپ کی جنگ جاری ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا ہے (ن) لیگ نوازشریف کی صحت پرسیاست نہ کرے ، گارنٹی کا بندوبست کرے ، عدالت ای سی ایل سے نام نکال دے تو حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ انہوں کہا کہ نواز شریف کی مثال سے آصف زرداری اور کئی دیگر ملزمان بھی استفادہ کرنا چاہیں گے ۔مصنوعی ذہانت سمٹ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے میں حکومت تاخیر نہیں کر ر ہی ۔اسحٰق ڈار ، حسین اور حسن نواز بھی وطن واپس نہیں آئے ۔ شہباز شریف،مریم نواز اور خواجہ آصف نواز شریف کا مقام حاصل کرنے کے منتظر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ضمانت کے بعد تین ہزار قیدیوں نے ضمانت کی درخواستیں دائر کر دی ہیں۔قبل ازیں سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کونسل فار سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ(پی سی ایس آئی آر) کا قیام 1952میں عمل میں لایا گیا جو اب ملک کا نمایاں ادارہ ہے ۔ اس کے علاوہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے فائبر آپٹک کا آغاز کیا۔وفاقی وزیر نے اگلے بجٹ میں ٹیکنالوجی سیکٹر کیلئے بجٹ میں پچاس فیصد اضافے کا بھی اعلان کیا۔