لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) نئے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی پنجاب حکومت کی صوابدید پر آنے سے قبل وزیراعظم کے (PSO) پرنسپل سٹاف آفیسر کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔نئے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد تعینات ہونے والے محمد علی کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے ہے ، جسے پہلے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ محمدعلی کا شمار پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے قابل ترین افسروں میں ہوتا ہے ۔ان کی خدمات چند روز قبل ہی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکومت پنجاب نے صوبائی حکومت کے سپرد کی تھیں اور وہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی صوابدید پر تقرری کے منتظر تھے ۔یہ ان کی پنجاب میں پہلی پوسٹنگ ہے ۔ وہ نگران دور حکومت میں نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کے ساتھ بھی بطور پی ایس او تعینات رہے ۔نئے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی نے خیبرپختونخوا میں بطور اسسٹنٹ کمشنربھی خدمات سرانجام دی ہیں جبکہ وہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی انتظامیہ میں 2011ء سے 2014ء کے دوران مختلف خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے اسلام آباد ایڈمنسٹریشن میں رہتے ہوئے سٹیزن چارٹر کے حوالے سے بھی کام کیا ہے جبکہ بطور ڈائریکٹر لیبر کم سے کم تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔ محمد علی رجسٹرار ہاؤسنگ سوسائٹیز کے طور پر ریفارمز متعارف کرانے اور ہاؤسنگ سوسائٹی رولز 2018ء کو متعارف کرانے والوں میں بھی شامل ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب میں آنے کے بعد وہ ڈپٹی کمشنر لاہور یا فیصل آباد میں سے کسی ایک اسامی پر تعیناتی کے امیدوار تھے ،جس پرانہیں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر فیصل آباد تعینات کر دیا گیا۔