لاہور، کرتارپور (نمائندہ خصوصی سے ،این این آئی)وزیر اعظم عمرا ن خان نے کرتارپور آمد پر ٹرمینل ون اور امیگریشن کاؤنٹرز کا دورہ کیا اور گورودوارے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سے ملاقات اور مصافحہ کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے امیگریشن کاؤنٹرز پہنچنے کے بعد یاتری کے طور پر پاکستان آنے والے سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سے ملاقات کی، مصافحہ کیا اور ان سے خیریت بھی دریافت کی۔ بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شریک سابق بھارتی کرکٹر اور وزیر نوجوت سنگھ سدھو سے بھی ملاقات کی۔قبل ازیں پاکستان کی خصوصی دعوت پر بھارت کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کرتارپور راہداری کے ذریعے شرکت کیلئے پہنچے ۔سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کرتارپور راہداری کے ذریعے پاکستان آنے والے پہلے جتھے کی قیادت کی۔وزیراعظم عمران خان نے بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات کے آغاز پر گورودوارے میں داخل ہوتے وقت سکھ مذہب کے احترام کے تحت سر بھی ڈھانپا۔گورودوارہ میں ماتھا ٹیکنے والوں کو متروکہ وقف املاک بورڈ حکام اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی جانب سے ’’ سروپے ‘‘ پیش کرنے کے علاوہ’’پنی پرشاد‘‘ بھی دیا گیا۔