اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ ) وزیراعظم عمران خان نے اگست سے سندھ میں سیاسی جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے جلسے اندرون سندھ ہوں گے اور ان میں بڑی شخصیات تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گی۔ ذرائع کیمطابق وزیراعظم سے تحریک انصاف سندھ کی قیادت نے ملاقات کی،ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ، وفاقی وزیر علی زیدی، شاہ محمود قریشی، سیف اللہ نیازی شریک تھے جس میں تحریک انصاف کو سندھ میں مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں بڑے فیصلے کیے گئے ۔ وزیر اعظم نے سندھ کے سیاسی میدان میں خود اترنے کا فیصلہ کیا ہے اور رہنماؤں کو تیاریوں کی ہدایت کی ہے ۔وزیر اعظم آئندہ ماہ سے تواتر کے ساتھ سندھ کے دورے کریں گے جبکہ اگست سے سندھ میںِ سیاسی جلسے بھی کیے جائیں گے ، جس کا شیڈول عید کے بعد تیار ہوگا۔ پیپلزپارٹی مخالف سیاسی قوتوں سے ملاقاتیں اور انہیں ساتھ ملانا بھی سندھ پلان کا حصہ ہوگا، وزیراعظم نے سندھ کے حوالے سے عید کے بعد ایک اور اجلاس بلایا ہے جس میں سندھ پلان کو حتمی شکل دی جائے گی جب کہ اسی اجلاس میں سندھ ایڈوائزری کمیٹی کے نام بھی فائنل ہوں گے ، وفاق کے منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں پر اہم فیصلے بھی عید کے بعد ہوں گے ،مبینہ کرپشن میں ملوث یا سیاسی آلہ کاربننے والے بیوروکریٹس کے خلاف کارروائی پر مشاورت ہوگی۔ دریں اثنا وزیراعظم نے کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی مہم کے نتائج اس پاک دھرتی کو آئندہ نسلوں کے لئے سرسبز و شاداب بنا رہے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں بھکر میں 2019سے قبل ایک بنجر زمین اور شجر کاری کے بعد اس کواب سرسبز و شاداب دکھایا گیا ہے ، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بھکر میں ہماری شجرکاری مہم کے بعد کے مناظر ہیں، کم و بیش اڑھائی برس کی مدت میں ظاہر ہونے والے یہ ہماری بلین ٹری شجرکاری مہم کے شاندار نتائج ہیں۔ دریں اثنا نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا نے اعتماد کا ووٹ لینے پر تہنیتی پیغام کیلئے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ایک ٹویٹ میں نیپالی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ امن اور خوشحالی کے مشترکہ مفادات پر پیشرفت کیلئے پاکستانی وزیر اعظم کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔